مراد علی شاہ نے سندھ کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جولائی 2016
تحریک انصاف کے مخالف امیدوار خرم شیرزمان صرف 3 ووٹ حاصل کرسکے۔ فوٹو: ایکسپریس

تحریک انصاف کے مخالف امیدوار خرم شیرزمان صرف 3 ووٹ حاصل کرسکے۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ نے بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت ہوا جس میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیےووٹنگ ہوئی۔ وزیراعلی کی مسند پر فائز ہونے کے لیےپیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ تھا۔ ووٹنگ کے دوران اپوزیشن جماعت متحدہ قومی وومنٹ اور مسلم لیگ فنکشنل کے اراکین نے وزیراعلی کے چناؤ کے لیےکی جانے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا جب کہ فنکشنل لیگ ایوان سے باہر چلی گئی ۔

وزارت اعلیٰ کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 91 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ 88 ووٹ لے کر نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے صرف 3 ووٹ حاصل کیے۔ نئے قائد ایوان منتخب ہونے پر اسپیکر اور اراکین نے مراد علی شاہ کو مبارکباد پیش کی جب کہ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے اراکین نے سابق وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔

نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 1937 میں سندھ کی ممبئی سے علیحدگی کے بعد سندھ کے 32 ویں اور 1947 میں قیام پاکستان کے بعد سندھ کے 27 ویں وزیراعلیٰ ہیں جب کہ ان کے والد سید عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔