رینجرز نے عامر لیاقت، فاروق ستار، عامر خان اور خواجہ اظہار کو حراست میں لے لیا

ویب ڈیسک  پير 22 اگست 2016
رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کرکے متعدد کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔

رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کرکے متعدد کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔

کراچی: رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان اور خواجہ اظہارالحسن سمیت ڈاکٹر عامر لیاقت کو بھی حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب پہنچے تو رینجرز اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا ، اس دوران فاروق ستار اور رینجرز اہلکار کے درمیان مکالمہ ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے ڈی جی رینجزر نے بلایا ہے اس لئے میں خود جاؤں گا لیکن میں یہاں موقف دینے آیا ہوں جس پر اہلکار نے ان سے کہا کہ کرنل صاحب نے بلایا ہے وہ بھی آپ کا مؤقف جانیں گے۔

ڈاکٹرفاروق ستار نے ان سے کہا کہ وہ اپنی گاڑی میں جائیں گے تاہم رینجرز اہلکار انہیں اپنی گاڑی میں لے جانے پر بضد تھے اس دوران تھوڑی دیر بات چیت کے بعد رینجرز نے ڈاکٹر فاروق ستار اور خواجہ اظہار کو ان ہی کی گاڑی میں بٹھاکر رینجرز ہیڈکوارٹر منتقل کردیا۔

دوسری جانب رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر مکا چوک کا محاصرہ کیا اور عامر خان سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز کی نفری نے نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں کا محاصرہ کیا اور ایم پی اے ہاسٹل میں بھی داخل ہوئی، رینجرز اہلکاروں نے ایم پی اے ہاسٹل اور خورشید بیگم میموریل ہال کی بھی تلاشی لی۔ رینجرز کے آپریشن کے دوران خواتین اہلکار بھی ہمراہ تھیں جب کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا۔

ادھر رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کے آئی آئی چند ریگرروڈ پر واقع دفتر کا بھی گھیراؤ کیا اور انہیں ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق ملیر میں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کی اورضمنی انتخاب میں پی ایس 127 سے ایم کیوایم کے امیدواروسیم احمد کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں حالات کی کشیدگی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد ایم کیوایم کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔