گوگل نے نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم "اینڈروئیڈ 7 نوگاٹ" متعارف کرادیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
نوگاٹ میں کچھ ایسی چھوٹی چھوٹی خصوصیات ہیں جو اسے غیرمعمولی بناتی ہیں۔ (فوٹو: فائل)

نوگاٹ میں کچھ ایسی چھوٹی چھوٹی خصوصیات ہیں جو اسے غیرمعمولی بناتی ہیں۔ (فوٹو: فائل)

سلیکان ویلی: گوگل نے اپنا تازہ ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم ’’اینڈروئیڈ 7 نوگاٹ‘‘ ریلیز کردیا ہے جس میں ایسے کئی فیچرز ہیں جو اس سے پہلے کسی موبائل آپریٹنگ سسٹم میں موجود نہیں تھے۔

’’اینڈروئیڈ 7 نوگاٹ‘‘ کوخاص طور پر گوگل کے نئے ’’نیکسس‘‘ موبائل فونز اور ٹیبلٹس کےلئے بنایا گیا ہے۔ یہ اتنا جدید ہے کہ بیشتر موجودہ اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس اس سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے لیکن مستقبل میں گوگل کو اس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ امید ہے کہ مختلف چھوٹی بڑی اسمارٹ فون کمپنیاں اس موبائل آپریٹنگ سسٹم کی طرف بتدریج متوجہ ہوں گی اور چند سال میں یہ اینڈروئیڈ کی دنیا میں چھا جائے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ نوگاٹ اگرچہ موجودہ اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹمز کے مقابلے میں کچھ خاص مختلف نہیں لیکن اپنے فیچرز کے اعتبار سے یہ واقعی بے حد غیرمعمولی ہے۔ اس کے کچھ دلچسپ فیچرز ملاحظہ کیجئے:

اسکرین پر ایک سے زیادہ ایپس
ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹمز کی زبان میں اسکرین پر ایک وقت میں ایک سے زیادہ ایپلی کیشن ونڈوز کھولنے کا عمل ’’ملٹی ٹاسکنگ‘‘ کہلاتا ہے جو ابھی تک کسی موبائل آپریٹنگ سسٹم میں دستیاب نہیں تھا۔ لیکن نوگاٹ میں ’’اسپلٹ اسکرین‘‘ فیچر کو آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا گیا ہے جس کے تحت آپ نہ صرف اسمارٹ فون اسکرین پر ایک سے زیادہ ایپس دیکھ سکیں گے بلکہ اپنی سہولت کے حساب سے ایپ ونڈوز کو چھوٹا بڑا بھی کرسکیں گے۔ اس فیچر کی سپورٹ فی الحال بیشتر ایپس میں موجود نہیں لیکن امید ہے کہ آئندہ ورژنز میں یہ دستیاب ہوگی۔

فوری جواب
اس نئے فیچر کی مدد سے نوگاٹ استعمال کرنے والے صارفین کسی بھی ای میل یا ایس ایم ایس کا جواب کوئی ایپ کھولے بغیر ہی، اینڈروئیڈ کے نوٹی فکیشن شیڈ میں جاکر ٹائپ کرکے دے سکیں گے۔ یہ فیچر بطورِ خاص وقت بچانے کےلئے متعارف کروایا جارہا ہے۔

ایموجیز
صارفین کی دلچسپی کےلئے نوگاٹ میں 72 ایموجیز پر مشتمل ایک نیا سیٹ بھی متعارف کروایا گیا ہے جس میں مختلف جانوروں کی شکلیں بطورِ خاص قابلِ توجہ ہیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ مزید ایموجیز شامل کرنے کےلئے یونی کوڈ کنسورشیم سے اس کے مذاکرات جاری ہیں جن کی تکمیل کچھ وقت لگ جائے گا۔

نوٹی فکیشن خاموش کیجئے
نوگاٹ کے نوٹی فکیشن شیڈ میں جاکر آپ بار بار نوٹی فکیشن دے کر پریشان کرنے والی ایپس کو خاموش کرسکتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے آپ نہ صرف کسی ایپ کے نوٹی فکیشنز کو خاموش کرسکتے ہیں بلکہ اسے نظروں سے اوجھل بھی کرسکتے ہیں۔

شارٹ کٹس
نوگاٹ کے نوٹی فکیشن ایریا میں شارٹ کٹس بھی ہیں جنہیں آپ اپنی سہولت اور استعمال کے اعتبار سے کسٹمائز کرسکتے ہیں اور وائی فائی، بلیو ٹوتھ، ایئرپلین موڈ اور فلیش لائٹ وغیرہ تک فوری رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈیٹا سیور
اسمارٹ فونز کا دیرینہ مسئلہ یہ بھی ہے کہ ان میں موجود ایپس استعمال نہ ہورہی ہوں تب بھی وہ مسلسل ڈیٹا بھیجتی اور وصول کرتی رہتی ہیں اور ڈیٹا کے اس تبادلے کے اخراجات صارف کو اپنی جیب سے بھرنے پڑتے ہیں۔ نوگاٹ میں اس مسئلے کا حل ’’ڈیٹا سیور‘‘ فیچر کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے آپ ایپس کو پابند بناسکتے ہیں کہ وہ استعمال نہ ہونے کی صورت میں ڈیٹا بھیجنے اور وصول کرنے سے بھی باز رہیں۔ یہ فیچر پاکستان جیسے ممالک میں متوسط طبقے کےلئے بے حد مفید ہے۔

بیٹری کو زیادہ دیر تک چلائے
اینڈروئیڈ مارش میلو میں بیٹری بچانے کےلئے ’’ڈوز‘‘ کے نام سے جو فیچر متعارف کروایا گیا تھا، نوگاٹ میں اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اگر آپ کے اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ کی اسکرین آف ہو اور وہ چارج بھی نہ ہورہا ہو تو بیٹری بچانے کی غرض سے ڈوز تمام بیک گراؤنڈ ایپس کو کم سے کم ممکنہ ایکٹیویٹی پر لے آتا ہے۔ اس صورت میں صرف اور صرف فون کالز اور میسجز ہی ریسیو کئے جاسکتے ہیں اور الارم ہی کام کرسکتا ہے۔ نوگاٹ میں یہ فیچر موبائل فون کے جیب یا پرس میں رکھتے ہی خود بخود آن ہوجاتا ہے۔

سب کچھ صاف
موبائل پر چلتی ہوئی تمام ایپس کو ایک ساتھ بند کرنے کےلئے اس کے ہر فن مولا، چوکور بٹن کے ساتھ نیا ’’کلیئر آل‘‘ کا فیچر شامل کردیا گیا ہے۔ اس سے بیٹری کی بچت میں تو کچھ خاص فرق نہیں پڑے گا لیکن گوگل کا کہنا ہے کہ اس سے کچھ ایپس کو نئے سرے سے اسٹارٹ کرنے میں بڑی سہولت ہوجائے گی۔

جان بچانے والی معلومات
کچھ معلومات آپ کی صحت اور تندرستی کےلئے بہت ضروری ہوتی ہیں جیسے کہ خون کا گروپ، الرجی، دوائیں، ایمرجنسی کی صورت میں رابطے کے نمبر، آپ کا نام اور عمر وغیرہ۔ ان تمام کو علیحدہ سے محفوظ کرنے کےلئے نوگاٹ میں ایک نئے بلٹ ان فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں یہ آپشن تک شامل ہے کہ حادثے کی صورت میں آپ کے خصوصی رابطہ افراد آپ کے فون کا مقام معلوم کرکے فوری مدد کا بندوبست بھی کرسکتے ہیں۔ آپ کی جان بچانے والی تمام معلومات اس طرح سے محفوظ ہوتی ہیں کہ فون لاک ہونے کی صورت میں بھی اسکرین پر موجود ’’ایمرجنسی‘‘ بٹن کے ذریعے یہ تمام معلومات فوری دیکھی جاسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں، فون ان لاک کئے بغیر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی فوری کال کی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔