شمالی کوریا کا کامیاب جوہری تجربے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  جمعـء 9 ستمبر 2016
شمالی کوریا نے اب تک کا سب سے بڑا تجربہ کیا ہے فوٹو: فائل

شمالی کوریا نے اب تک کا سب سے بڑا تجربہ کیا ہے فوٹو: فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے پانچویں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ تجربے کے باعث شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی نے پانچواں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جب کہ تجربے کے وقت شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز پنگائری نیوکلیئر سائیٹ تھی اور یہ وہی جگہ ہے جہاں ماضی میں بھی شمالی کوریا جوہری تجربات کر چکا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ

جنوبی کورین حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے تجربے کے وقت محسوس کیے گئے تاہم صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے صدر نے ایٹمی تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اب تک کا سب سے بڑا تجربہ کیا ہے تاہم یہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شمالی کوریا کے سربراہ کا چھوٹے جوہری بم تیار کرنے کا دعویٰ

شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کے بعد جنوبی کوریا نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکا اور جنوبی کوریا کو ایٹمی حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر کسی بھی طرح کے جوہری یا میزائل ٹیکنالوجی کا تجربے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود شمالی کوریا کئی بار بلیسٹک میزائل کے تجربات کرچکا ہے جب کہ شمالی کوریا کی جانب سے کئی بار امریکا سمیت دیگر ممالک پر جوہری ہتھیاراستعمال کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔