پاکستان مقبوضہ کشمیر میں یواین مشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے ، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2016
عالمی برادی مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے،دفترخارجہ : فوٹو: فائل

عالمی برادی مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے،دفترخارجہ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کو فوری روکے اور عالمی برادی مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ عوام کی بڑھتی شہادتوں اوربھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں اور بے گناہ کشمیریوں کا ناحق خون بہایا جارہا ہے جس کی تصدیق اور مذمت اقوام متحدہ کے نمائنوں نے بھی کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام فوری روکا جائے اور عالمی برادری بھارتی بربریت کو روکنے اور مسئلہ کشمیرکو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان مقبوضہ کشمیر میں یواین مشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے اور اس حوالے سے بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔