برنس روڈ اردو بازارمیں ڈاکو 14 دکانوں کا صفایا کرکے فرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 ستمبر 2016
چوروں نے چوکیدار کو رسیوں سے باندھا اور پھر نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، فوٹو : فائل

چوروں نے چوکیدار کو رسیوں سے باندھا اور پھر نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے، فوٹو : فائل

 کراچی: برنس روڈ پر اردو بازار میں چوروں نے چوکیدار کو رسیوں سے باندھ کر 14 دکانوں کے تالے توڑ کر نقدی لوٹ لی.

کراچی میں اسپیئرمارکیٹ کے بعد چوروں نے اردو بازار برنس روڈ کو نشانہ بناڈ الا اور ایک مہینے میں تالے توڑنے کی دوسری واردات میں 14 دکانوں سے رقم چوری کرلی گئی جب کہ اسٹیشنری اور کتابوں کی مارکیٹ سے سامان نہیں لوٹا گیا۔ دکانداروں کا کہناہے کہ واردات رات کو ہوئی کیونکہ جب صبح بازار کھلا تو دکانوں کے تالے ٹوٹے اور سامان بکھرا پڑا تھا جب کہ مارکیٹ کا چوکیدار نیک محمد رسی سے بندھا ہوا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی میں تبت سینٹر کے قریب چورتالے توڑ کر دکانوں کو لوٹ کر فرار

دوسری جانب مارکیٹ میں 15 سال سے چوکیداری کے فرائض اداکرنے والے نیک محمد کا کہنا ہے کہ 4 افراد نے رات گئے اچانک اس پر حملہ کیا اور تشدد کرکے اسے رسیوں سے باندھ دیا تھا۔ پولیس کا کہناہے کہ دکانوں سے 50 سے 60 ہزار روپے لوٹے گئے، پولیس کو ابھی تک چوروں کے حوالے سے کوئی سراغ نہیں ملا تاہم چوکیدار کو پولیس نے شامل تفتیش کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں مہینے بالکل اسی طرح کراچی کی مرکزی اور تجارتی شاہراہ پر واقع تبت سینٹر کے قریب پرائم سینٹر میں آٹو پارٹس کی 20 سے 25 دکانوں کو رات گئے لوٹ لیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔