مقبوضہ کشمیر میں 27 سال کے دوران 94 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 ستمبر 2016
مذکورہ شہادتوں کے نتیجے میں 22 ہزار 824 کشمیری خواتین بیوہ ہوچکی ہیں، رپورٹ، فوٹو؛ فائل

مذکورہ شہادتوں کے نتیجے میں 22 ہزار 824 کشمیری خواتین بیوہ ہوچکی ہیں، رپورٹ، فوٹو؛ فائل

سری نگر: کشمیر میڈیا سروس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 1989 سے 31 اگست 2016 تک مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی پولیس اور فوج کے ہاتھوں 94 ہزار 504 بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

ان اعدادو شمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی دستوں نے گزشتہ 27 سال کے دوران ہر سال وہاں اوسطاً 3500 افراد کو شہید کیا ہے، یعنی ہر روز کم سے کم 9 کشمیری بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہید کیے جارہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں شہید نوجوان پاکستانی پرچم میں سپرد خاک

مذکورہ شہادتوں کے نتیجے میں 22 ہزار 824 کشمیری خواتین بیوہ ہوچکی ہیں جب کہ یتیم ہوجانے والے بچوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 586 ہے، ان میں وہ 7 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری بھی شامل ہیں جنہیں اس پورے عرصے میں دورانِ حراست شہید کیا گیا جب کہ اسی 27 سالہ مدت میں ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا۔ دہشت گردی اور بدامنی کا الزام لگا کر اس دوران کشمیریوں کے ایک لاکھ سے زائد گھروں کو بھی مسمار کردیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: او آئی سی کا کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کا اعلان

ان اعداد و شمار کا ایک اور بھیانک پہلو وہ 10 ہزار سے زائد کشمیری خواتین ہیں جن کے ساتھ قابض بھارتی بھیڑیوں نے اجتماعی آبرو ریزی جیسے سنگین ترین انسانی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔