ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2016
فائرنگ اور گولہ باری کے باعث آبادی شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ فوٹو: فائل

فائرنگ اور گولہ باری کے باعث آبادی شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ فوٹو: فائل

 مظفر آباد: بھارتی فوج نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر مختلف سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 9 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر بھمبر، کیل اور لیپا سیکٹرز کے علاقوں میں رات ڈھائی بجے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کی جو صبح 8 بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہی، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہد اور 9 زخمی ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ

اس خبر کو بھی پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھار ت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، ترجمان پاک فوج

آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار جمعہ خان اور نائیک امتیاز نے وطن پر جان قربان کی، جمعہ خان شہید کا تعلق استور سے ہے جن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جب کہ شہید امتیاز کا تعلق فیصل آباد سے ہے جن کی 3 بیٹیاں ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاک فوج کا بھارت کو کرارا جواب، کئی بھارتی فوجی جہنم واصل

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے پونچھ بٹل اور دودھنیال سیکٹرز میں بھی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ناطر لچیال کی سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا مقابلہ کرنے اوروطن کے دفاع کے لیے تیارہیں، وزیراعظم

بھارتی افواج کی جانب سے وادی لیپا میں منڈا کنڈی کے مقام پر بھی فائرنگ کی گئی جب کہ بھارتی فورسز کی جانب سے وادی نیلم میں برنالہ کے جھمپ سیکٹر اور وٹالہ کے مقام پر بھی شدید فائرنگ کا سلسلسہ جاری رہا جس کے باعث وادی نیلم میں بڑی تعداد میں سیاح محصور ہو کررہ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بارہا بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعددد پاکستانیوں کو شہید اور املاک کو نقصان پہنچا چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔