2030 تک ایشیا کی معاشی طاقت یورپامریکا کی مجموعی طاقت سے زیادہ ہو جائے گیرپورٹ

چین آنے والی دو دہائیوں میں امریکا کی جگہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا، رپورٹ.


/ December 11, 2012
چین اقتصادی طورپرمضبوط ہونے کے باوجود امریکا کی عالمی مسائل کے حوالے سے سپرپاورکی حیثیت بر قرار رہےگی، رپورٹ۔ فوٹو: وکی پیڈیا

KARACHI:

امریکا کی قومی انٹیلی جنس کونسل کی رپورٹ کے مطابق 2030 تک ایشیا کی معاشی طاقت یورپ اور امریکا کی مجموعی طاقت سے زیادہ ہو جائے گی۔


رپورٹ کے مطابق چین بھی آنے والی دو دہائیوں میں امریکا کی جگہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ ''گلوبل ٹرینڈز2030'' نامی اس رپورٹ میں زیادہ عمر کی آبادی والے ترقی یافتہ ممالک میں ترقی کی سست رفتار اور گرتے ہوئے معیارِ زندگی کے بارے میں بھی متنبہ کیا گیا۔ یہ رپورٹ ہر 4 برس بعد جاری کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ان بڑے رجحانات پر نظر رکھنا ہے جو دنیا کی شکل بدل رہے ہیں، یہ اس سلسلے کی مجموعی طور پر پانچویں رپورٹ ہے۔


قومی انٹیلی جنس کونسل کا کہنا ہے کہ اگر آبادی کے تناسب، مجموعی قومی پیداوار، عسکری اخراجات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو مدِنظر رکھا جائے تو 2030تک ایشیائی ممالک کی مجموعی طاقت براعظم یورپ اور شمالی امریکا کے ممالک کی مجموعی طاقت سے بڑھ جائے گی تاہم کونسل کا کہنا ہے کہ اسے یقین نہیں ہے کہ چین امریکا جیسی سپر پاور بنے گا اور عالمی معاملات پر دیگر ممالک سے اتحاد قائم کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق 2030 سے چند برس قبل ہی چین بطور سب سے بڑی معیشت امریکا کی جگہ لے لے گا اور اس کے برعکس یورپی ممالک، جاپان اور روس کی معیشتیں آہستہ آہستہ رو بہ زوال رہیں گی۔


نیشنل انٹیلی جنس کونسل کے کونسلر میتھیو بروز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہونا اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری نہیں کہ سب سے بڑی اقتصادی طاقت ہمیشہ سپر پاور بھی ہو۔کونسل نے اپنی رپورٹ میں جن بڑے رجحانات کی نشاندہی کی ہے ان میں ممالک کی انفرادی طاقت کے علاوہ طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق اور جنوب میں منتقلی بھی ہے۔


رپورٹ کے مطابق آئندہ 20 برس میں جہاں امریکا توانائی کے معاملے میں خودکفیل ہو جائے گا وہیں دنیا میں شہروں میں رہائش پذیر افراد کی تعداد تیزی سے بڑھے گی۔ کونسل کا کہنا ہے کہ مستقبل میں امریکا کا عالمی کردار آئندہ دو دہائیوں میں دنیا کی شکل کو بدلنے میں ڈرامائی کردار ادا کر سکتا ہے۔