پاناما لیکس، سپریم کورٹ نے درخواستوں پر سماعت کی تاریخ یکم نومبرمقرر کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اکتوبر 2016
سپریم کورٹ کی وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ سمیت تمام فریقین کو یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کی وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ سمیت تمام فریقین کو یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت یکم نومبر مقرر کر کے وزیراعظم سمیت تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کی تھی تاہم اب سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت یکم نومبر کو مقرر کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز، کیپٹن صفدر، حسن اور حسین نواز سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاناما لیکس پر وزیراعظم سے جواب طلب

اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت، سیکرٹری داخلہ، پیمرا، نیب، الیکشن کمیشن، ایف بی آر، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور وزارت پارلیمانی امور کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ 30 اکتوبر تک جواب جمع کرائیں تاکہ پاناما لیکس پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے علیحدہ علیحدہ درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔