سیاستدانوں کو کھلاڑیوں کے ’’پش اپس‘‘ لگانے میں بھی سازش نظر آنے لگی

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا، چوہدری نذیر. فوٹو: فائل

کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا، چوہدری نذیر. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سیاستدانوں کو قومی ٹیم کے جیت کی خوشی میں پش اپس لگانے میں بھی سازش نظر آنے لگی ہے اور کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے کا معاملہ قومی اسمبلی تک جا پہنچا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے قومی کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں جب کہ چوہدری نذیر نے رائے دی کہ کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے ’’پش اپس‘‘ میڈیا پر چھاگئے

رانا محمد افضل کا ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرکٹ میں ایک نئی چیز ہوئی تھی جو مجھے ذاتی طور پر اچھی نہیں لگی جس پر میں نے سوال پوچھا جو میرا حق ہے، اگر پورے پاکستان کو اچھی لگی تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن کرکٹ میں اگر کھلاڑی امپائر کو گھور کر بھی دیکھتا ہے تو اس کا بھی کوئی مطلب ہوتا ہے اور اگر یہ کرکٹ کے علاوہ کبڈی یا اس طرح کو کوئی دوسرا کھیل ہوتا تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ہر فتح کا جشن پش اپس کے ذریعے نہیں منائیں گے، مصباح الحق

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹوکمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی اور پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جب کہ مصباح الحق نے سنچری بنانے کے بعد اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا لیکن اب کھلاڑیوں کو پش اپس لگانے سے منع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پانچویں وکٹ لینے پرسہیل کا سجدہ شکر، پویلین جاتے ہوئے ’’پش اپس ‘‘ کیے

قومی اسمبلی کی کمیٹی کے رکن رانا محمد اقبال نے پی سی بی حکام سے پوچھا کہ پی ایس ایل کی تقریب پاکستان میں کیوں منعقد نہیں کرائی گئی جس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تقریب یو اے ای میں کرانا ہماری مجبوری تھی، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کراچی کو پی ایس ایل میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی، کور کمانڈر کراچی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کراچی میں کرائیں، بھرپور سیکیورٹی فراہم کریں گے، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں لیکن اندرونی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ کرکٹ کھیلنے کے لئے سفارشوں کی بھرمار ہے، تلخ حقائق ان کیمرا اجلاس میں پیش کر سکتا ہوں۔

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی نرم و نازک جمہوریت کو اب پش اپس سے بھی خطرہ پیدا ہوگیاہے کیونکہ پش اپس سے کاکول اکیڈمی کی خوشبو آتی ہے اور اس سے حکمران ڈرتے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔