موجودہ صورتحال سے سسٹم کو خطرہ ہوسکتا ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
عمران خان کارکنوں کو آخری حد تک نہ لاے جائیں اور حکومت بھی پرتشدد ماحول پیدا نہ کرے، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

عمران خان کارکنوں کو آخری حد تک نہ لاے جائیں اور حکومت بھی پرتشدد ماحول پیدا نہ کرے، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

حیدرآباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں احتجاج کا حق سب کو حاصل ہے لیکن موجودہ صورتحال سے سسٹم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں سب کو احتجاج کا حق ہے لیکن احتجاج ایسی صورت اختیار نہ کرے جس سے جانوں کو نقصان پہنچے اس لیے عمران خان بھی کارکنوں کو آخری حد تک نہ لے کر جائیں کیونکہ کارکنان کا تحفظ بھی ان کی ذمہ دری ہے جب کہ حکومت بھی احتجاج میں تشدد کا ماحول نہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک سنگین حالات سے گزر رہا ہے اور تحریک انصاف کے 2 نومبر کےدھرنے سے سسٹم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے 3 ڈکٹیٹروں سے جنگ لڑی، لیڈرز نے اپنی جان دی اور کوڑے کھائے لیکن کارکنوں کا نقصان نہیں ہونے دیا جب کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ پر یقین رکھتی ہے لہٰذا مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی سوچ اورخیالات سے بہت آگے ہوں اور الزامات لگتے رہتے ہیں، عمران پر بھی الزامات لگے ہیں جب کہ میرے خلاف آج تک کوئی ثابت نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔