پاکستانی ماہرین نے 21 ٹن فی ایکڑ پیداوار دینے والا ’’ہائبرڈ ٹماٹر‘‘ تیار کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 30 اکتوبر 2016
اپنے سخت اور موٹے چھلکے کی وجہ سے ٹماٹر کی یہ نئی قسم دور دراز سبزی منڈیوں تک بحفاظت پہنچانے میں بہترین رہے گی۔ (فوٹو: فائل)

اپنے سخت اور موٹے چھلکے کی وجہ سے ٹماٹر کی یہ نئی قسم دور دراز سبزی منڈیوں تک بحفاظت پہنچانے میں بہترین رہے گی۔ (فوٹو: فائل)

فیصل آباد: پاکستانی زرعی ماہرین نے ٹماٹر کی نئی مخلوط (ہائبرڈ) قسم تیار کرلی ہے جو 21 ٹن فی ایکڑ کی پیداوار دے سکتی ہے جب کہ اسے وسیع کھیتوں کے علاوہ کم روشنی والے تنگ مقامات پر بھی اُگایا جاسکتا ہے۔

یہ کارنامہ ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (AARI) فیصل آباد کے ذیلی ادارے ’’ویجی ٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کے زرعی سائنسدانوں نے انجام دیا ہے۔ ٹماٹر کی اس نئی قسم کا چھلکا نسبتاً موٹا اور سخت ہوتا ہے جس کے باعث یہ دور دراز کی سبزی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے بہت موزوں ہے۔

ٹماٹر کی مذکورہ نئی مخلوط قسم کو تجرباتی طور پر کھیتوں اور نرسریوں میں اُگانے کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے تاکہ اس میں امراض کے خلاف مزاحمت اور نشوونما کا جائزہ لیا جاسکے اور متوقع طور پر آئندہ سال بڑے پیمانے پر کاشت کےلئے کسانوں تک پہنچایا جاسکے۔

واضح رہے کہ پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ کے ایک بڑے زرعی تحقیقی منصوبے کے تحت ویجی ٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد میں مختلف سبزیوں کی 57 اقسام پر تحقیق جاری ہے اور ان میں سے ٹماٹروں کی 4 نئی اقسام پر خاصی کامیابیاں بھی حاصل ہوچکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔