آرمی چیف کی ایل او سی پربھارتی جارحیت کا مؤثراورفوری جواب دینے کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 23 نومبر 2016
بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ وارانہ اور ناقابل قبول عمل ہے، جنرل راحیل شریف۔ فوٹو: فائل

بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ وارانہ اور ناقابل قبول عمل ہے، جنرل راحیل شریف۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے فوجی جوانوں کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا موثر اور فوری جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں مسافر بس پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہادتوں اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاک فوج کے بہادر جوانوں کی جانب سے موثر کارروائی کا جائزہ بھی لیا گیا جب کہ آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور موثر جواب دینے کو سراہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وادی نیلم میں بھارتی فوج کے مسافر بس پرراکٹ حملے میں 10 افراد شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ وارانہ اور ناقابل قبول عمل ہے تاہم انہوں نے فوجی جوانوں کو ایل او سی پر کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور موثر جواب دینے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافر کوچ پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں10 افراد شہید جب کہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔