بھارت نے آئندہ مالی سال کے لئے دفاعی بجٹ میں 4.5 فیصد کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد دفاعی بجٹ کا حجم 37.45 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
بھارتی وزیر خزانہ پی چدم برم نے لوک سبھا میں اپنی بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ بڑھتے ہوئے داخلی اور بیرونی چیلنجز کے پیش نظر حکومت دفاع کو نظر انداز نہیں کرسکتی، اس لئے دفاعی بجٹ کو بڑھا کر 20کھرب3ارب کروڑ روپے کیا جارہا ہے اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر بھارتی حکومت مزید رقم فراہم کرسکتی ہے۔
بھارتی وزیر خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران بھی ملک کی مجموعی جی ڈی پی کی شرح 8 تک رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ صورت حال میں حکومت انکم ٹیکس کی شرح میں کمی نہیں کرسکتی کیونکہ ٹیکس کی شرح میں معمولی کمی سے لاکھوں ٹیکس دہندگان محصولات کے دائرے سے نکل جائیں گے۔ چدم برم نے بجٹ میں ایک کروڑ روپے سے زائد قابل ٹیکس رقم والے افراد پر 10 فیصد اضافی سرچارج نافذ کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے توقعات کے مطابق بجٹ پیش نہ کئے جانے پر جمعرات کو حصص بازاروں میں بھی مندی دیکھی گئی اور ملک کی سب سے بڑی مارکیٹ ممبئی اسٹاک ایکس چینج کا انڈیکس گزشتہ 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔