نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے، نواز شریف

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 19 ستمبر 2019
نیب کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، سابق وزیراعظم فوٹو:فائل

نیب کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، سابق وزیراعظم فوٹو:فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے اور اسے سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ملاقات کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری سے آگاہ کیا جس پر نواز شریف نے شدید ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال ہے اور اس ادارے کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

شہباز شریف نے نواز شریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی العزیزیہ ریفرنس کی اپیل کی سماعت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور قانونی ٹیم کے موقف سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے اسلام آباد قیام کے دوران اپوزیشن سے رابطوں اور جے یو آئی ف کے اکتوبر میں لاک ڈاؤن پر ہونے والی مشاورت سے متعلق بھی نواز شریف کو بریفنگ دی۔

نواز شریف کے اہلخانہ کی ملاقات دو گھنٹے جاری رہی اور انہوں نے دوپہر کا کھانا ساتھ کھایا۔ اس موقع پر جیل کے باہر موجود لیگی کارکنوں نے شریف خاندان کی گاڑیوں پر گل پاشی کی اور خوب نعرے بازی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔