اقلیتوں کے گھر جلانیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا مشاہد اللہ

ایک ہی روز مسجد اور اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا، رضا ہارون، سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں، نبیل گبول


Monitoring Desk March 10, 2013
ملک میں کوئی محفوظ نہیں، مظہر عباس، ٹو دی پوائنٹ میں شاہ زیب خان زادہ سے گفتگو فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ بادامی باغ میں اقلیتوں کے گھروں کو جلانا انتہائی شرمناک اقدام ہے اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'ٹودی پوائنٹ' میں میزبان شاہ زیب خان زادہ سے گفتگو میں مشاہد اللہ خان نے کہاکہ گھروں کو جلانا افسوسناک ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے تو اس واقعے کی ذمے داری قبول کرلی کراچی میں عباس ٹاؤن واقعے کی تو آج تک کسی نے ذمے داری قبول نہیں کی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ کسی ایک شخص کے عمل سے 100 افراد کے گھر جلانا مناسب نہیں، کراچی میں عباس ٹاؤن حملہ، پشاور کی مسجد میں دھماکا اور بادامی باغ میں اقلیتوں کے گھر جلانا پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہیں۔



تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا اور یہ سوچنا چاہیے کہ ملک کو کیسے بچانا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے کہاکہ آج کا دن پوری انسانیت کیلیے شرمناک ہے ایک ہی روز مسجد اور اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔مجھے اس بات پر تشویش ہے کہ راتوں رات چیف منسٹر کو اطلاع کیوں نہیں دی گئی، یہ توبہت بڑا قومی جرم ہے کہ جانتے ہوئے مظلوموں سے کہا جائے کہ تم یہاں سے چلے جاؤ، ہر شہری کے جان ومال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، مسیحی ہمارے بھائی ہیں۔

ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز مظہر عباس نے کہا کہ ہم عجیب قوم بنتے جارہے ہیں نہ مسجدیں محفوظ ہیں اور نہ ہی اقلیتوں کے گھر محفوظ ہیں جس ملک میں مسلمان ہی محفوظ نہیں وہاں اقلیتوں کا تحفظ کیسے ممکن ہے،ایک اچھا کام پولیس نے یہ کیا کہ لوگوں کو بتادیا حالات سنگین ہیں لہٰذ ا نقل مکانی کرجائیں کیونکہ پولیس کو علم ہوچکا تھا کہ کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے۔