قومی ون ڈے کرکٹ فیصل نے زبیراز کو مسلسل چوتھی کامیابی دلا دی

پشاور پینتھرزکیخلاف 93 رنز،سیالکوٹ اسٹالینز نے کراچی ڈولفنز کو 14 رنز سے مات دی، حیدر آباد ہاکس نے بہاولپور اسٹیگز۔۔۔


Sports Reporter March 12, 2013
لاہور لائنز نے فیصل آباد وولفز کا شکار کرلیا، کوئٹہ بیئرز نے ایگلز کو شکست دی، ایبٹ آباد فالکنز کے مقابل راولپنڈی ریمز کی ٹیم سرخرو، میر اعظم کی سنچری۔ فوٹو : فائل

کپتان فیصل اقبال نے93 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی زیبراز کو مسلسل چوتھی کامیابی دلا دی۔

پشاور پینتھرز کو 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،کپتان فیصل اقبال نے93 رنز اسکور کیے،سیالکوٹ اسٹالینز نے کراچی ڈولفنز کو 14 رنز سے مات دی، حیدر آباد ہاکس نے بہاولپور اسٹیگز کو 126 رنز سے آؤٹ کلاس کیا،لاہور لائنز نے فیصل آباد وولفز کا شکار کر لیا،کوئٹہ بیئرز نے ایگلز کو شکست دی، ہائی اسکورنگ میچ میں ایبٹ آباد فالکنز کے مقابل راولپنڈی ریمز کی ٹیم سرخرو ہوئی، میر اعظم نے سنچری جڑ دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں کراچی زیبراز نے پشاور پینتھرز کو 6 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ناکام سائیڈ 210 تک محدود رہی۔

نواز احمد نے66 اور افتخار احمد نے41 رنز اسکور کیے، مصباح خان نے4 اور فواد خان نے3 پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھائی۔ کراچی زیبراز نے ہدف 46 ویں اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کر لیا، کپتان فیصل اقبال نے ناقابل شکست 93 رنز کے ساتھ فتح میں اہم کردار ادا کیا، طارق ہارون 38 پر ناٹ آؤٹ رہے، زوہیب خان نے 2 شکار کیے۔

بینظیر بھٹو انٹرنیشنل اسٹیڈیم گڑھی خدا بخش میں سیالکوٹ اسٹالینز نے لو اسکورنگ میچ میں سخت مقابلے کے بعد کراچی ڈولفنز کو 14 رنز سے زیر کر لیا، فاتح ٹیم نے شاہد یوسف (49) اور منصور امجد (44) کی بدولت 179 رنز بنائے، فواد عالم و عاطف مقبول نے 3،3، محمد سمیع اور فہیم احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، کراچی ڈولفنز کی اننگز40.1 اوورز میں 165 پر تمام ہوئی، دانیال احسن 24 اور سعید بن ناصر 20 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے، منصور امجد 4، نیئر عباس 3 اور بلال اشرف 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔



نیاز اسٹیڈیم میں میزبان حیدر آباد ہاکس نے بہاولپور اسٹیگز کو 126 رنز سے آؤٹ کلاس کیا، فاتح ٹیم نے فیصل اطہر68، عظیم گھمن64، تاج وسیم 62 اور شرجیل خان کے 48 رنز سے تقویت پاتے ہوئے290 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ کی زینت بنایا، ذیشان خالد نے 5 وکٹیں لیں، بہاولپور اسٹیگزکی ٹیم38.2 اوورز میں 164پر ڈھیر ہو گئی، حماد طارق 45اور شاہان اکرم 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ناصر اویس نے 3جبکہ شعیب لغازی اور کاشف بھٹی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیصل آباد وولفنز نے 9 وکٹ پر191 رنز بنائے۔

حسن محمود41، عبدالرؤف 31 اور منیر احمد ناقابل شکست 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، قیصر اشرف نے 3 جبکہ رضا علی ڈار اور آصف رضا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، لاہور لائنز نے ہدف 37.2 اوررز میں 4 وکٹ پر حاصل کرکے 6 وکٹ سے فتح کوگلے لگایا، اظہر علی 84 پر ناقابل شکست رہے، عمر صدیق نے 81 رنز بنائے، خرم شہزاد نے 2 شکار کیے۔ میونسپل اسٹیڈیم کمپلیکس میر پور خاص میں کوئٹہ بیئرز نے لاہور ایگلز کو 2 وکٹ سے شکست دی، ناکام ٹیم نے 9 وکٹ پر 260 کا مجموعہ تشکیل دیا، جہانگیر مرزا 59، سمیع اسلم 56 اور جنید ضیا48 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نذر حسین 3 اور حمال وہاب 2 وکٹیں لے اڑے، کوئٹہ بیئرز نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کیا تو 2 وکٹیں باقی تھیں، بسم اللہ خان 67، تیمور علی 46، فرید آغاز 45 اور قیصر عباس 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جنید ضیا اور محمد ارشاد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ آزاد کشمیر کے میر پور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی سکورنگ میچ میں راولپنڈی ریمز نے ایبٹ آباد فالکنز کے خلاف 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، ناکام ٹیم نے میر اعظم کی سنچری اور عدنان رئیس کے ناقابل شکست 94 رنز کی بدولت 5 وکٹ پر 302 رنز بنائے، صدف حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی ریمز نے ہدف 48.1 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کر لیا، یاسم مرتضیٰ نے ناقابل شکست 91 اور بابر نعیم نے 92 رنز بنائے، اکرام اللہ نے 2 پلیئرزکو پویلین بھیجا۔

مقبول خبریں