کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری3پولیس اہلکاروں سمیت10افراد ہلاک

ناظم آبادمیں پولیس موبائل پرحملہ سب انسپکٹرعابدجاں بحق،کانسٹیبل زخمی،ڈیفنس فیزٹو میں بھی2پولیس اہلکارنشانہ بنے


Staff Reporter March 13, 2013
ناظم آبادمیں متحدہ کاکارکن ماراگیا،موتی محل کے قریب مہتمم قتل،ایک حملہ آورشہریوں کے تشددسے ہلاک،رضویہ ،کورنگی،ملیر سے 4لاشیں ملیں فوٹو: فائل

کراچی میں رینجرزکی بھاری نفری کی موجودگی اورموٹرسائیکل پرڈبل سواری کی پابندی کے باوجودٹارگٹ کلنگ جاری ہے،فائرنگ اورتشددکے واقعات میں4پولیس اہلکاروں اورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت10افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے انو بھائی پارک کے قریب کھڑی ہوئی پولیس موبائل پرموٹر سائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 45سالہ سب انسپکٹر عابد حسن جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹیبل 35 سالہ گلزاراحمد شدید زخمی ہوگیافائرنگ سے گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جبکہ خوف و ہراس پھیل گیا،اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد کو رکنے کااشارہ کیاگیاتوانھوں نے پولیس پر فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے،مقتول پولیس افسر کا آبائی تعلق حیدر آبادسے تھاجبکہ زخمی اہلکار ناظم آبادپولیس لائن کا رہائشی ہے۔

ڈیفنس فیزٹو ڈیفنس گارڈن کے قریب گرین بلیٹ پرلگے ہوئے بینچ پر بیٹھے ہوئے 2 پولیس اہلکارجاوید اور عمران کوموٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول پولیس اہلکارعمران ساسی آرکیڈ مددگار 15 پر تعینات تھاجبکہ مقتول جاوید نیب پولیس میں تعینات تھا،دونوں اہلکاردوست اور کالا پل ہزارہ کالونی کے رہائشی تھے۔ ناظم آبادنمبر3میں ہمدرداسپتال کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے32سالہ سیداعجازحسین جعفری ہلاک ہوگیا، مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ188کاکارکن اوررضویہ سوسائٹی کارہائشی تھا ،واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی جبکہ گلبہاراوررضویہ میں دکانیں وکاروباری مراکزبند ہوگئے،مقتول ہمدردکمپنی میں ہی ملازمت کرتاتھا۔



گلشن اقبال موتی محل کے قریب فضل مل کے سامنے2موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ہنڈا سوک کار رجسٹریشن نمبر AAH-434 پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 50 سالہ سمیع اللہ ہلاک ہوگیا جبکہ کار سواروں نے بھی موٹر سائیکل سواروں پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزمان 32 سالہ عدنان اورآصف زخمی ہوگئے ، ملزمان کے دو ساتھی فرارہوگئے،واقعے کے بعدمشتعل افرادنے ملزمان کی موٹر سائیکل نذر آتش کردی،مشتعل افرادنے دونوں ملزمان کوتشددکابھی نشانہ بنایاجس سے وہ بے ہوش ہوگئے ۔

تاہم عدنان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑگیا، مقتول سمیع اللہ نصرت بھٹوکالونی کے رہائشی اورعلاقے میں قائم دارالعلم عثمانیہ کے مہتمم بھی تھا،ڈی آئی جی ویسٹ جاویدعالم اوڈھوعباسی نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کانتیجہ ہے جبکہ پولیس اہلکار عمران رشید کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوا ،بہادری کامظاہرہ کرنے والے اہلکار کیلیے اگلے عہدے پرترقی اورنقدانعام بھی دیاجائیگا۔ملیرکے علاقے میمن گوٹھ سے2افرادکی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے ہلاک کردیاجن کی عمریں20سے22برس کے درمیان ہیں اوروہ پینٹ شرٹ میں ملبوس ہیں۔

کورنگی کے علاقے دارالعلوم کراچی کے قریب نوجوانکی لاش ملی جسے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول کی شناخت 25 سالہ محمد اصغرکے نام سے ہوئی جسے نامعلوم ملزمان نے ایک گولی سراورایک گولی چہرے پر مار کر ہلاک کیا۔نیوکراچی میں صباسینماکے قریب فائرنگ سے20سالہ ارسلان،لانڈھی بابرمارکیٹ میں40سالہ شفقت بھٹی، کورنگی چھ نمبرپرزمان ٹائون کے علاقے میں 43سالہ محمدرزاق زخمی ہوگیا۔رضویہ سوسائٹی کے علاقے ناظم آباد چاولہ مارکیٹ کے قریب سے بوری بند لاش ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مقتول کو اغوا کے بعد سینے اور سر پر گولیاں مار کر قتل کیا اور بوری بند لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ لانڈھی کے علاقے ساڑھے تین نمبر حجام کی دکان پر فائرنگ سے ایم کیو ایم کا کارکن شفقت علی سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

مقبول خبریں