الیکشن کی آمد بیرون ملک رہنمائو ں کی واپسی کا سلسلہ شروع

طاہر القادری کینیڈا سے پاکستان کیلیے روانہ، ارباب غلام رحیم آج لاہور پہنچیں گے.


INP March 13, 2013
طاہر القادری کینیڈا سے پاکستان کیلیے روانہ، ارباب غلام رحیم آج لاہور پہنچیں گے. فوٹو: فائل

الیکشن قریب آتے ہی بیرون ملک رہنمائو ں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کینیڈا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے، مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما ارباب غلام رحیم بدھ کولاہور پہنچیں گے جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے نگراں حکومت بننے کے 7دن بعد وطن پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ٹورنٹو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ بعض افراد کا خیال تھا کہ وہ واپس پاکستان نہیں جائیں گے۔



 

انھوں نے کہاکہ نگراں وزیراعظم پراتفاق ثانوی بات ہے،اصل تبدیلی منصفانہ الیکشن سے آئے گی۔دوسری جانب ارباب غلام رحیم بھی 5 سال دبئی میں رہنے کے بعد آج لاہور پہنچیں گے جہاں وہ پارٹی رہنمائو ں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔سابق صدرپرویزمشرف نے ایک بار پھر وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ورکرزکنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں انھوں نے کہاکہ وہ نگراں حکومت کے قیام کے 7 دن میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں وہ تیسری سیاسی قوت کے طور پر ابھریں گے۔ عوام نے ساتھ دیا تو ملک و قوم کو ترقی و خوش حالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔