سرد ہوائیں کراچی کی طرف بڑھنے لگیں درجہ حرارت گرنے کا امکان

سردی کی نئی لہرمیں ہواؤں کی سمت تبدیل ہوکرشمال مشرق کی جانب رہے گی،کراچی میں بارش کاامکان نہیں،محکمہ موسمیات


Staff Reporter December 12, 2017
چنداضلاع میں بارشوں کااثر2روزمیں سرد ہواؤںکی صورت میں آئیگا،پیرکی صبح پھوار پڑی، سرد ہوائیں50کلومیٹرگھنٹہ چلیں گی۔ فوٹو : آئی این پی

کراچی بدھ سے 4 روز تک تیز سرد ہواؤں کی لپیٹ میں آجائے گا، جنوبی ہوائیں مکمل طورپر منقطع رہیں گی جبکہ سمندری ہواؤں پر غالب آجانے والی شمالی ہواؤں کی رفتار50 کلومیٹر تک بڑھ سکتی ہیں سردی کی اس نئی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت کئی ڈگری سینٹی گریڈ گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کراچی کے مطابق مغرب کی جانب سے بارشو ں اور ہواؤں کا نظام اس وقت ملک کے مختلف شہروں پر بارشوں کی صورت میں نمایاں ہے کراچی میں اس نئے موسمی نظام کے تحت بارشوں کا توکوئی امکان نہیں ہے مگر سندھ اور بلوچستان کے کچھ اضلاع میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے گہرے اثرات آئندہ ایک سے 2 روز میں تیز سرد ہواؤں کی شکل میں نمودار ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی اس لہر کے دوران ہواؤں کی سمت تبدیل ہوکر شمال مشرقی جانب رہے گی، سردی کی اس نئی لہر کے سبب بدھ 13دسمبر تا ہفتہ 16دسمبر تک شہر شدید سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہے گا جبکہ 15اور 16دسمبر کو سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، سرد موسم کے دوران50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ توقع کی جارہی ہے کہ پورے دسمبرکے مہینے میں جنوب مغربی سمت سے چلنے والی سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور شمال مشرقی سمت سے چلنے والی بلوچستان کی ہوائیں غالب رہیں گی پیر کی صبح اسی موسمی اثر کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں پھوار اور بوندباندی ہوئی پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

مقبول خبریں