محمد حفیظ بولنگ ایکشن کی اصلاح کا سبق پڑھنے انگلینڈ روانہ

بائیومکینک ایکسپرٹ پال ہورین اور بولنگ کوچ کارل کرواسپنرکومشورے دیں گے


Sports Reporter December 13, 2017
بائیومکینک ایکسپرٹ پال ہورین اور بولنگ کوچ کارل کرواسپنرکومشورے دیں گے۔ فوٹو: فائل

پروفیسر حفیظ بولنگ ایکشن کی اصلاح کا سبق پڑھنے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلی بار 2014 میں رپورٹ ہوا تھا، اسی سال دسمبر میں انھیں بولنگ سے روک دیا گیا، اصلاح کے بعد اپریل 2015 میں حفیظ کو دوبارہ ایکشن میں آنے کی اجازت دیدی گئی۔

واضح رہے کہ جون 2015 میں آف اسپنر کا ایکشن پھر رپورٹ ہوا، سال میں دوسری بار گرفت میں آنے کی وجہ سے جولائی میں ان پر12کی پابندی عائد ہوئی،یہ مدت پوری ہونے کے بعد اصلاح کیلیے کام کیا اور بولنگ کی دوبارہ اجازت مل گئی، مگر رواں سال اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف یواے ای میں ون ڈے سیریز کے دوران دوبارہ رپورٹ ہونے پر وہ آل راؤنڈر کا اسٹیٹس کھوبیٹھے تاہم کیریئر میں 3بار پابندی کا شکار ہونے والے محمد حفیظ ایک بار پھر کلیئرنس پانے کی کوشش میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب انگلینڈ روانہ ہوگئے۔

بائیومکینک ایکسپرٹ پال ہورین اور بولنگ کوچ کارل کرو ایکشن میں خامیوں کا جائزہ لینے کے بعد درستگی کیلیے مشورے دینگے، قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود بھی معاونت کرینگے، محمد حفیظ 17دسمبر کو وطن واپسی کیلیے اڑان بھریں گے کب لپ علی ضیا،سجاد اکبر، سلیم جعفر اور علیم ڈار پر مشتمل پی سی بی کی ایکشن ریویو کمیٹی کے ساتھ اظہر محمود نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن کی اصلاح کیلیے مجوزہ پروگرام پر عمل درآمد کرائیں گے۔

خیال رہے کہ فوری طور پر اس ضمن میں کوئی بڑی پیش رفت ہونے کا امکان نہیں کیونکہ محمد حفیظ کی وطن واپسی پر دورئہ نیوزی لینڈ کیلیے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ اور مختصر کیمپ شروع ہوجائیگا جب کہ سینئر بیٹسمین کو ڈراپ کرکے این سی اے میں بولنگ ایکشن کی درستگی کیلیے سرگرم رکھنے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔