شمالی وزیرستان فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت

آزادی مفت میں نہیں ملتی اور اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے اپنی جانیں قربان کرکے چکاتے ہیں،آرمی چیف


Editorial December 13, 2017
آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں،آرمی چیف۔ فوٹو: فائل

ملک میں دہشت گردوں کے خلاف صائب کارروائی کے نتیجے میں بظاہر شرپسند عناصر پسپا ہوگئے ہیں لیکن ان کی جانب سے وقتاً فوقتاً بزدلانہ کارروائیاں سامنے آتی رہتی ہیں۔ منگل کو بھی شمالی وزیرستان میں پہاڑی علاقے میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ ملک دشمن عناصر سمجھتے ہیں کہ اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں قوم کی ہمت توڑ سکتے ہیں لیکن حقیقت تو یہی ہے کہ ہر حملہ پاکستانی قوم کو ایک نیا عزم و ولولہ دیتا ہے کہ امن و امان کے ان دشمنوں کو سرزمین پاک سے جلد از جلد مٹا کر دم لینا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دو جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بالکل صائب کہا ہے کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی اور اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے اپنی جانیں قربان کرکے چکاتے ہیں، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب العضب اور آپریشن ردالفساد کے ثمرات امن کے قیام اور معاشی استحکام کی صورت ظاہر ہوئے لیکن دہشت گردی کی باقیات کا خاتمہ کرنا ازحد ضروری ہے۔

پسپا اور کمزور ہوتے دشمنوں سے غفلت برتنا خطرناک نتائج سامنے لاسکتا ہے، صائب ہوگا کہ ان منتشر گروہوں کو یکجا اور منظم ہونے سے پہلے ہی صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔ صائب ہوگا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی منظم مہم چلائی جائے، انٹیلی جنس اداروں کو فعال بنایا جائے اور قوم کے سادہ لوح جوانوں کا برین واش کرنے والے ان عناصر کا خاتمہ کیا جائے تو جوانوں کے ذہن میں اپنی زہریلی سوچ گھول رہے ہیں۔ دہشت گرد پر واضح ہوجانا چاہیے کہ وہ اپنے حملوں سے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ پاک افواج اور پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف پرعزم ہے۔