زمین کے تنازع پر ایک شخص کا قتل دوسرا زخمی

ورثا کا لاش سمیت انڈس ہائی وے پر دھرنا ،ٹریفک معطل، سپر ہائی وے سے لاش برآمد


Nama Nigar March 15, 2013
احتجاجی مظاہرہ2 گھنٹے تک جاری رہا اور جامشورو سے دادو جانے والی تمام ٹریفک معطل ہو گئی۔ فوٹو: فائل

جھگڑے میں ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی، جبکہ ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تعلقہ مانجھند میں کے بارہدری گوٹھ کے قریب زمین کے تنازع پر کھوسو برادری میں جھگڑا ہو گیا جس میں کلہاڑیوں کے وار لگنے سے اکبر عرف منگو مکرانی کھوسو جاں بحق جبکہ پہلوان کھوسو شدید زخمی ہو گیا۔

گاؤں کے مکینوں نے لاش اور زخمی کو تعلقہ اسپتال مانجھند پہنچایا جہاں زخمی پہلوان کھوسو نے پولیس کو بیان دیا کہ حاجی میر خان مکرانی کھوسو نے اپنے لوگوں کے ہمراہ ہم پر حملہ کیا اور کلہاڑیوں کے وار کر کے منگو کھوسو کو قتل کر دیا۔ دوسری طرف مقتول کے ورثا نے لاش سمیت انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔



احتجاجی مظاہرہ2 گھنٹے تک جاری رہا اور جامشورو سے دادو جانے والی تمام ٹریفک معطل ہو گئی۔ ایس ایس پی جامشورو عثمان غنی صدیقی نے24 گھنٹوں میں قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرایا، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علاوہ ازیںسپر ہائی وے لونی کوٹ کے قریب نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے، جسے ایل ایم یو جامشورو لایا گیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت ہو سکے، ایسا لگتا ہے کہ اسے لوٹ مار کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں