مفاہمت کی سیاست نہ کرتے تو خانہ جنگی شروع ہوجاتی آیت اللہ درانی

حکومت عدلیہ سے جنگ کرتی رہی، خرم دستگیر: میڈیا کا کردار اہم رہا، سلیم بخاری


Monitoring Desk March 17, 2013
چند روز میں انتہائی شرمناک بل پاس ہوئے، مظہر عباس،تکرار میں عمران خان سے گفتگوفوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما آیت اللہ درانی نے کہا ہے کہ آج ملک میں پہلی بار جمہوری سوچ کے 5 سال پورے ہونے پر جمہوریت پسندوں کومبارکباد دیتا ہوں، 5سالہ دورحکومت میں سوفی صد نتائج نہ سہی لیکن رخ کعبہ تو ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 5 سال پورے ہونے پر تقریر میں سب کچھ سچ کہا ہے، انھوں نے حکومت کی مشکلات کے باوجود کامیابیوں کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اگر مفاہمت کی سیاست نہ کرتی تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہوچکا ہوتا، پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ضروری تھا کہ سیاسی مسئلہ حل کیا جاتا، آج اللہ کا شکر ہے کہ جمہوریت مضبوط ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ اقتدار کی پانچ سالہ پرستش کا دور ختم ہوگیا ہے۔



اس حکومت نے جس قسم کے خون آشام اندھیرے دیکھے اور قوم کو دیئے ہیں اس سے قبل کبھی دیکھنے میں نہیں آئے، موجودہ دور حکومت میں بدترین ہلاکتیں اور ڈرون حملے ہوئے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہیں، موجودہ حکومت نے مستقل طور پر عدالت سے جنگ جاری رکھی، اقتدار کے آخری ہفتے میں کرپشن کا ننگا ناچ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اقتدار میں آنے کے بعد ڈرون حملے رک جائیں گے۔ سینئر تجزیہ کار سلیم بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک لکھی لکھائی تقریر پڑھی ہے، انہوں نے جو کچھ پڑھا اس پر اپنا دماغ خرچ نہیں کیا۔

اس تقریر سے قوم نے نا تو کچھ کھویا ہے اور نہ پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پانچ سال پورے کرنے میں سب سے زیادہ میڈیا کا کردار ہے جس نے فوج کو اپنی حدود میں رکھا اور کسی کو بھی شب خون مارنے کی اجازت نہیںدی۔ ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز ایکسپریس نیوز مظہرعباس نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک روایتی تقریر کرنی تھی اور اس کی توقع بھی کی جارہی تھی عوام کیلئے بہت اچھا موقع آیا ہے کہ وہ اپنے غصے کا اظہار ووٹ ڈال کرکریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میڈیا پر تنقید کی ہے ہر جانیوالی حکومت میڈیا پر تنقید ضرورکرتی ہے لیکن بہتر ہوتا کہ وزیراعظم میڈیا پر تنقید کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف بھی دیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پچھلے پانچ سال میں لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، پچھلے چند روز میں جو جو بل پاس ہوئے ہیں وہ انتہائی شرمناک ہیں۔