ہاکی ورلڈ الیون سے پہلا میچ 19 جنوری کو ہوگا

لاہور میں میچ کے ٹکٹ کی قیمت 250 سے 1000 روپے تک ہوگی جب کہ مقابلہ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔


Sports Reporter December 27, 2017
 کراچی میزبان،21تاریخ کولاہور میں مقابلہ،سہیل عباس مہمان ٹیم میں شامل۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کے بعد اب ہاکی میدان بھی انٹرنیشنل مقابلوں سے سجیں گے تاہم پہلا میچ19 جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر ( ر) خالد سجاد کھوکھر نے سیکریٹری شہباز سینئر اور بریگیڈیئر ( ر) ساجد حمید کے ہمراہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ الیون 18 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ اس میں ہالینڈ، اسپین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم ، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے کھلاڑی شامل ہیں، ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سہیل عباس ورلڈ الیون کی نمائندگی کریں گے۔

شہباز سینئر نے کہا کہ ہال آف فیم میںپانچ کھلاڑی پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ فلورنس جان بوولینڈر، پال لیجن، کرسچن بلنک، ڈان پرائر اور رکی چارلس ورتھ شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اصلاح الدین ، حسن سردار، شہناز شیخ، اختر رسول اور شہباز سینئر کو ایوارڈ دیا جائے گا۔

خالد سجاد کھوکھر نے کہاکہ فیڈریشن پر لگائے جانے والے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ، ہم پہلے ہی حکومت سے فنڈز کا آڈٹ کرنے کی درخواست کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ورلڈ الیون کے خلاف دو میچوں کی سیریز کیلیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سکیورٹی کلیئرنس دے چکی ہیں جبکہ میچز کیلیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو بھی دعوت دی جائے گی۔

ایک سوال پر خالد سجاد نے کہاکہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور پوری دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے، میں نہیں سمجھتا کہ سیریز میں پاکستان کے ہاکی اسٹیڈیم بھریں گے لیکن میڈیا اگر دکھائے تو ضرور اچھا ماحول بنے گا۔انھوں نے کہا کہ مجھ پر کرپشن کا الزام لگایا گیا تو بڑا دکھ ہوا، آڈٹ کرائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

واضح رہے کہ لاہور میں میچ کے ٹکٹ کی قیمت 250 سے 1000 روپے تک ہوگی جب کہ مقابلہ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، اس سے قبل دوپہر 12 میوزک کنسرٹ ہوگا جب کہ ایک میچ میں وزیر اعظم اور دوسرے میں آرمی چیف کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا جائے گا۔