موسم سرما میں افغانستان میں جنگ کی شدت میں اضافے کا امکان

حالیہ موسم سرما میں افغانستان کے اندر افغان طالبان‘ داعش اور دیگر گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رہے گا


Editorial January 05, 2018
پاکستان کو ڈیورنڈ لائن پر سیکیورٹی زیادہ کرنی ہو گی تاکہ افغانستان سے جنگجو پاکستان میں داخل نہ ہوسکیں۔ فوٹو: فائل

برفیلے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے ایام میں کاروباری یا جنگی سرگرمیاں ماند پڑ جاتی ہیں مگر امریکا کے ایک چوٹی کے فوجی کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کے لیے سرما کے اس شدید موسم میں زیادہ جارحیت کے ساتھ حملوں کی پالیسی اختیار کرنی چاہیے تاکہ سرما کے بعد آنے والے موسم بہار میں اپنے اہداف کو حاصل کیا جا سکے کیونکہ امریکا کے نزدیک سترہ سال سے جاری افغان جنگ کا کوئی واضح انجام نظر میں آ جائے گا۔

امریکی سینٹرل کمان کے جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ امریکا تربیت یافتہ فوجیوں کو افغانستان بھیج رہا ہے تاکہ سترہ سالہ جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ دوسری طرف امریکی قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ایم آر مک ماسٹر نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ وہ دہشتگرد گروپوں کو اپنی خارجہ پالیسی کے جزو کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ جنرل مک ماسٹر نے کہا امریکا کو امید تھی کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے لیکن پاکستان کے جوابی ردعمل سے صدر ٹرمپ کو مایوسی ہوئی ہے۔ امریکی حکومت پاکستان پر واضح کرنا چاہتی ہے کہ افغانستان میں استحکام لانے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے سے پاکستان کو بھی بہت فائدہ ہو گا۔

بہرحال جنرل جوزف ووٹل کے بیان سے یہ لگتا ہے کہ حالیہ موسم سرما میں افغانستان کے اندر افغان طالبان' داعش اور دیگر گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رہے گا' افغانستان کے شمالی علاقوں میں موسم سرما انتہائی شدید ہوتا ہے' اس موسم میں فوجی کارروائی خاصی مشکل ہوتی ہے۔ امریکا اور اس کی اتحادی افواج جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کریں گی' یوں دیکھا جائے تو آنے والے دنوں میں افغانستان کے اندر استحکام نہیں بلکہ مار دھاڑ زیادہ ہو گی' پاکستان کو اس صورتحال پر گہری نظر رکھنی چاہیے کیونکہ جنگجو افغانستان کے سرد شمالی علاقوں سے مغربی علاقوں کی طرف آئیں گے جو پاکستان کے ساتھ ملحق ہے' پاکستان کو ڈیورنڈ لائن پر سیکیورٹی زیادہ کرنی ہو گی تاکہ افغانستان سے جنگجو پاکستان میں داخل نہ ہوسکیں۔