اداروں کی نگرانی پارلیمنٹ کا آئینی حق ہے الیکشن کمیٹی سینیٹ

کمیٹی الیکشن کمیشن کے کسی اختیارکوچھیننے یامقابلہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی،جہانگیر بدر


الیکشن کمیشن کے خط کے جواب کیلیے 3 رکنی کمیٹی قائم، اجلاس میں اٹارنی جنرل نے بریفنگ دی ۔ فوٹو : فائل

الیکشن امور کے جائزے کیلیے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے ان کیمرہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے خط کے جواب کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

کمیٹی کے سربراہ جہانگیر بدر کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا الیکشن کمیشن کو خط کا جواب دینے کیلیے سینیٹر فرحت اﷲ بابر سینیٹرصغریٰ امام اورسینیٹر کرنل (ر) طاہر مشہدی پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی خط کا ڈرافٹ تیارکرے۔ ان کیمرہ اجلاس سے متعلق ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کمیٹی کوبریفنگ دی اوراپنی رائے دیتے ہوئے کمیٹی کوبتایا کہ پارلیمنٹ کا کام اداروں کی نگرانی کرنا ہے۔

لہذا سینیٹ کمیٹی الیکشن کی نگرانی کرسکتی۔ واضح رہے الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو خط لکھا تھا کہ کمیٹی انتخابی عمل کی نگرانی نہیں کرسکتی ۔ذرائع کے مطابق ان کیمرہ اجلاس میںکمیٹی کے ارکان نے رائے دی کہ الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو الیکشن کی نگرانی سے روکنے کا خط لکھ کراختیارات سے تجاوزکیا ہے۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل نے کمیٹی کو رائے دی کہ الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی فارم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست دائرکی جائے تاہم کمیٹی نے نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔



آئی این پی کے مطابق خط آج جمعے کو حتمی شکل دے کرالیکشن کمیشن کوبھجوادیاجائے گا،اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کے علاوہ کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق جواب پراٹارنی جنرل سے قانونی رائے لی گئی۔اٹارنی جنرل نے کمیٹی کو بتایا کہ عام انتخابات کی نگرانی میں کوئی ممانعت نہیں۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے خط میں اٹھائے گئے تحفظات بلاجواز ہیں۔سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کسی اتھارٹی کوچیلنج نہیں کررہے بلکہ اپنی اتھارٹی کواستعمال کررہے ہیں۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے حکام کو بلایا گیا مگر وہ شریک نہیں ہوئے۔

کمیٹی آئینی حدود میں رہ کراپنا کام جاری رکھے گی۔آن لائن کے مطابق سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات نے صدرمملکت کی منظوری کے بغیر کاغذات نامزدگی کی چھپائی پرشدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیاہے اراکین کمیٹی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے۔