اقتدارکی آئینی منتقلی کا کریڈٹ ن لیگ کوبھی جاتاہےشوکت بسرا

الیکشن میں فیصلہ عوام نے کرناہے،زعیم قادری،ن لیگ کوسرٹیفکیٹ نہیں دیا،عادل گیلانی.


Monitoring Desk March 22, 2013
ن لیگ کو 23 مارچ کے جلسہ کا بہت خوف ہے،عمران اسماعیل ،ٹودی پوائنٹ میں گفتگو ۔ فوٹو : فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ آئینی طریقے سے اقتدار منتقل ہورہا ہے اور اس کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ ن کو بھی جاتا ہے ۔

نگراں وزیراعظم کی تقرری کا معاملہ وفاق کا ہے اور اس میں پی ایم ایل این نے غیر اخلاقی، غیرسیاسی اور غیر جمہوری طرزعمل اختیار کیا۔ جمعرات کو ایکسپریس نیو زکے پروگرام'' ٹودی پوائنٹ'' میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ طے پاجائیگا۔



 

مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری نے کہاکہ جب ہم نے تین نام دیے تھے تو کائرہ صاحب نے بہت اعتراضات اٹھائے تھے اور اب کے ناموں پر ہمارے اعتراضات ہیں۔ الیکشن کا فیصلہ کسی بھی سروے یا جلسے نے نہیں کرنا بلکہ یہ فیصلہ تو عوام نے ووٹ کے ذریعے کرنا ہے۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ عادل گیلانی نے کہا کہ ہم نے ن لیگ کو ان کے منصوبوں کے بارے میں کوئی سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا ۔

ہم نے صرف رپورٹ کی ہے کہ ان منصوبوں میں طریقہ کار درست اختیار کیا گیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف عمران اسمعٰیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو 23 مارچ کے جلسے کا بہت خوف ہے، ہم کسی کا کچھ بگاڑنے نہیں آئے ہم صرف اپنی جگہ بنارہے ہیں۔