عرفان مگسی نے نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا

ایکسپریس میں پی پی کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑنے کی خبر کے بعد بہن نے بھائی کو منا لیا


Nama Nigar March 23, 2013
عرفان مگسی نے کہا کہ آزاد مگسی اتحادمسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ضلع کی تینوں نشستوں پر مضبوط امیدوار کھڑے کریگا.

ISLAMABAD: ایکسپریس میں خبر شائع ہونے پر مگسی خاندان کی ہنگامی پریس کانفرنس، بہن نے بھائی کو منا لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آزاد مگسی اتحاد کے تقسیم ہونے اور اتحاد کے ڈاکٹر عرفان گل مگسی کے پی پی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کی خبر ایکسپریس اخبار میں چھپنے کے بعد ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے بھائی ڈاکٹر عرفان گل مگسی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر رضا مند کر لیا۔

بہن بھائی نے ٹنڈوالہ یار مگسی پارک میں مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد مگسی اتحاد پرانی سیاسی قوت ہے اور ہم نے اس اتحاد کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے کا فیصلہ کیاہے، اس مقصد کے لیے میں اور آزاد مگسی اتحاد کے سابق ناظمین رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کے ہمراہ 26مارچ کو باضابطہ طور پر مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ مگسی اتحاد کے درمیان کوئی تضاد نہیں ، ہم نے محب وطن اور عوام کی خدمت والی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے تاکہ ٹنڈوالہ یارکو مثالی اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔



عرفان مگسی نے کہا کہ آزاد مگسی اتحادمسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ضلع کی تینوں نشستوں پر مضبوط امیدوار کھڑے کریگا اور پی پی سے ون ٹوون مقابلہ کریں گے۔ پی پی کی خواہش تھی کہ مگسی خاندان ان کی پارٹی میں شامل ہو جائے لیکن جو پارٹی5سالہ اقتدار میں اپنی لیڈر کے قاتلوں کا پتہ نہیں لگا سکی۔

اس سے ہمارا کسی صورت اشتراک ممکن نہیں، 24مارچ کی ریلی مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹنڈوالہ یار میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ ہو گا اور اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہمارے قائد میاں نواز شریف ٹنڈوالہ یار میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے کہا کہ میں آج بہت خوش ہوں کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم دونوں بہن بھائی ایک ساتھ ہیں، بھائی نے میرا ساتھ دے کر میری عزت اور مان میں اضافہ کیاہے ۔

مقبول خبریں