ٹی 20 سپر 8 ابتدائی مراحل میں اسٹار کرکٹرز کی شرکت مشکوک

5 ٹیموں کے کپتان مصباح، حفیظ، یونس ، شعیب ملک اور آفریدی کی دستیابی دشوار۔


Sports Reporter March 23, 2013
5 ٹیموں کے کپتان مصباح، حفیظ، یونس ، شعیب ملک اور آفریدی کی دستیابی دشوار۔ فوٹو: فائل

QUETTA: قومی ٹوئنٹی20 سپر8 ٹورنامنٹ کے ابتدائی مراحل میں کئی اسٹار کرکٹرز کی شرکت مشکوک ہوگئی۔

5 ٹیموں کے کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، یونس خان، شعیب ملک اور شاہد آفریدی کی دستیابی مشکل نظر آتی ہے، سعید اجمل، کامران اکمل، ناصر جشید،جنید خان، محمد عرفان، عمر اکمل، وہاب ریاض اور عبدالرحمان کے بھی ایکشن میں نظر آنے کا زیادہ امکان نہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی ایونٹ کا آغاز منگل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، پی سی بی نے ایونٹ میں اسٹارکرکٹرز کی شمولیت یقینی بنانے کا دعویٰ کیا ہے، دوسری طرف صورتحال ایسی ہے کہ پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل بیشتر کھلاڑیوں کیلیے پہلے روز کے مقابلوں میں شرکت مشکل ہوگی۔

3

قومی ٹیم کی واپسی 26 مارچ کو علی الصبح ہونا ہے، طویل دورے اور سفر کے بعد واپس آنے والے کرکٹرز کیلیے فیملیز کو نظر انداز کرکے اسی روز قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرنا آسان نہیں ہوگا، بہاولپور اسٹیگز کے مقابل12 بجے شیڈول افتتاحی میچ میں فیصل آباد وولفز کے کپتان مصباح الحق اور سعید اجمل کی شرکت غیریقینی ہے،4 گھنٹے بعد شروع ہونے والے دوسرے مقابلے میں ایبٹ آباد فالکنز کپتان یونس خان اور جنید خان جبکہ ملتان ٹائیگرز محمد عرفان کی خدمات سے محروم ہو سکتی ہے۔

رات 8 بجے تیسرے معرکے میں لاہور لائنز کو کپتان محمد حفیظ، کامران اکمل، ناصر جمشید، وہاب ریاض اور عمر اکمل، حریف ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کو کپتان شعیب ملک اور عبدالرحمان کے بغیر میدان میں اترنا پڑ سکتا ہے۔ اگلے روز کے میچز کیلیے کراچی میں مقیم یونس خان، صوابی سے تعلق رکھنے والے جنید خان، کراچی ڈولفنز کے شاہد آفریدی اور اسد شفیق کی لاہور آمد کا امکان کم ہی ہے، بورڈ نے آفریدی کو کپتان مقرر کیا جبکہ اطلاعات کے مطابق ان کی چند ہی میچز میں ممکنہ شرکت کی وجہ سے کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن نے محمد سمیع کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مقبول خبریں