ایران گیس لائن شہباز شریف کی مخالفت افسوسناک ہے شرجیل

پنجاب کے عوام11مئی کوآمرانہ سوچ رکھنے والوں کو مسترد کردیں گے


Staff Reporter March 23, 2013
5سال قبل پنجاب پر صرف100 ارب روپے قرض تھا، آج 414ارب قرضہ ہے فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ ملک بھر کے عوام نے اس منصوبے کا بھرپورخیرمقدم کیا ہے۔

ملک توانائی کے بحران سے دوچار ہے مذکورہ منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے امید کی کرن ہے جبکہ اس منصوبے کی مخالفت کرکے شہباز شریف طالبان اور ان غیر ملکی قوتوں کی ترجمانی کررہے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کی سرپرستی میں پروان چڑھنے والے جمہوری اقدار کی حمایت نہیں کرسکتے۔خصوصاً پنجاب کے عوام11مئی کومسلم لیگ (ن) اور شریف برداران کو مسترد کرکے ثابت کردیں گے کہ آمرانہ سوچ رکھنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔



 

پنجاب کے عوام سستی روٹی، میٹروبس، لیپ ٹاپ، آشیانہ ہائوسنگ اسکیم اور اجالا لیمپ اسکیم کی آڑ میں بدترین کرپشن سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں۔ شہباز شریف نے پورے صوبے کے فنڈ لاہورمیں نمائشی منصوبوں میں لگا کر لاہور اور صوبے کے دیگر حصوں کے درمیان اختلافات پیدا کردیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صوبے کو 414ارب روپے کے قرضوں میں دھکیل دیا ہے۔

جب انھوں نے اقتدار سنبھالا تو پنجاب صرف100 ارب روپے کا مقروض تھا۔ پیپلزپارٹی جمہوریت اور عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے جس کے لیے پی پی پی نے ماضی میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کا کریڈٹ اس کی قیادت اور شہید بے نظیر بھٹو کی سیاسی بصیرت کو جاتاہے جس کی وجہ سے 11مئی کو ہونے والے شفاف انتخابات کے ذریعے اقتدار کی منتقلی عمل میں آئے گی۔