بھارتی گندم سپلائی ڈیمرج معافی کی افغان اپیل پراقدامات صفر

ٹرانزٹ ٹریڈکوآرڈینیشن اتھارٹی کے اجلاس میں پاکستان نے درخواست پرغور کاعندیہ دیاتھا.


Ehtisham Mufti March 24, 2013
بھارت نے2.5لاکھ ٹن کاتحفہ دیا،کچھ پہنچی،باقی کی رسد میں غیرمنظم ٹرانسپورٹرز رکاوٹ۔ فوٹو: فائل

افغان حکومت نے بھارت سے افغانستان کو تحفے میں بھیجی جانے والی گندم کی ہینڈلنگ میں تاخیر پر وصول کیے گئے30 لاکھ ڈالر مالیت کے ڈیمریج معاف کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یہ مطالبہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈکوآرڈینیشن اتھارٹی کے ایک اجلاس میں کیا گیا تھا جس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈکے کنسائنمنٹس کی ہینڈلنگ وترسیل میں درپیش مسائل سے دونوں ممالک کے نمائندوں نے آگاہ کیا۔ دوران اجلاس افغان حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال بھارت کی جانب سے تحفے میں بھیجی جانے والی 1لاکھ ٹن گندم کی افغانستان ترسیل کے لیے ایف بی آرکے اجازت نامے میںتاخیرکی گئی جس کے سبب افغان درآمدکنندہ نے ڈیمرج کی مدمیں30 لاکھ ڈالر کی اضافی ادائیگی کی، پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان کی جانب سے باقاعدہ درخواست کی صورت میں معاملے پر غورکرنے کا عندیہ دیا گیا۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ بھارتی گندم کے مذکورہ کنسائنمنٹس کی ترسیل لاجسٹک کے بین الاقوامی ادارے ''ایجیلٹی'' نے کی تھی لیکن بھاری مالیت کے ڈیمریج کی ادائیگی کی وجہ سے مذکورہ لاجسٹک کمپنی کو اس کنٹریکٹ میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ اے پی ٹی ٹی اے کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ڈیمریج معافی پر غور کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے۔

2

ذرائع نے بتایاکہ بھارت کی جانب سے افغانستان کو ڈھائی لاکھ ٹن گندم بطور تحفہ دینے کا معاہدہ کیاگیاتھاجس میں سے ایک لاکھ ٹن گندم گزشتہ برس پاکستان کے راستے افغانستان بھیجی گئی تھی جبکہ باقی ماندہ گندم کی ترسیل کا کام گزشتہ ماہ شروع ہوا لیکن گزشتہ سال افغانستان بھجوائی جانیوالی ایک لاکھ ٹن بھارتی گندم کے حوالے سے ایف بی آرنے افغان ٹرانزٹ ٹریڈمعاہدہ کو جواز بناتے ہوئے تاخیری حربے استعمال کیے جس کے باعث افغان درآمدکنندہ کو ڈیمرج کی مدمیں نہ صرف 30 لاکھ ڈالرکی اضافی ادائیگی کرنا پڑی بلکہ تاخیر کی وجہ سے گندم کی ایک بڑی مقدارخراب بھی ہوئی۔

ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈکے کنسائنمنٹس کی ترسیل میں استعمال ہونیوالے مال بردار ٹرکس دشوار گزار پہاڑی علاقوں کی سڑکوں پر گندم لاد کر افغانستان پہنچانے کی صلاحیت نہیں رکھتے جس کے باعث ایف بی آرسے درخواست کی گئی تھی کہ وہ بھارتی گندم کے مذکورہ کنسائنمنٹس کو طورخم کی سرحد پرٹرانس لوڈکرنے کی اجازت نامہ جاری کرے تاکہ طورخم کی سرحد پربھارتی گندم افغانستان کی ہائی پاورڈ مال بردار ٹرکوں میں دوبارہ لوڈ کرکے مقررہ منزل تک پہنچائی جاسکے، ایف بی آر کی اس اجازت کے بعد ہی ایجیلٹی نے افغانستان کوبھارتی گندم کی ترسیل کا عمل شروع کیا۔ ذرائع کے مطابق غیرمنظم ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مفاد پرست عناصرنے بھارتی گندم کی افغانستان کیلیے ترسیل رکوانے کیلیے مختلف منفی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے پھرگندم کی ترسیل میں تاخیرکی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

مقبول خبریں