رنز کی برسات مصباح کی قیادت پر چھائے سیاہ بادل چھٹنے لگے

چیمپئنز ٹرافی میں بھی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ، بیٹنگ کوچ کی تلاش تیزکردی گئی.


Saleem Khaliq March 24, 2013
چیمپئنز ٹرافی میں بھی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ، بیٹنگ کوچ کی تلاش تیزکردی گئی۔ فوٹو: فائل

رنزکی برسات کے بعد مصباح الحق کی قیادت پر چھائے سیاہ بادل چھٹنے لگے۔

بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی میں بھی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کر لیا، محمد حفیظ کو ون ڈے میں ٹاس کا سکہ فضا میں اچھالنے کا خواب پورا کرنے کیلیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین شکست کے بعد اعلیٰ حکام مصباح الحق کا باب بند کر کے ون ڈے میں نئے کپتان کے تقررکا سوچنے لگے تھے، مگر پاکستانی کرکٹ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتی ہے۔

ایک روزہ میچز میں ٹیم اور مصباح کی عمدہ کارکردگی نے سب ہی کی رائے تبدیل کر دی، مصباح نے125 رنز کی شکست پر ختم ہونے والے پہلے ون ڈے میں سب سے زیادہ38رنز بنائے، دوسرے میچ میں6 وکٹ کی جیت میں ان کے57 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا، تیسرے ون ڈے میں انھوں نے 28کی اننگز کھیلی اور ٹیم34 رنز سے ہار گئی، چوتھے مقابلے میں کپتان نے مشکل وقت میں80رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا، یوں وہ اب تک67.60 کی اوسط سے203رنز بنا کر سیریز کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں،2 نصف سنچریاں داغنے والے پلیئر کا اسٹرائیک ریٹ85.65 کا ہے۔

2

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اعلیٰ حکام سمجھتے ہیں کہ ٹیم میں جگہ کوغیرمحفوظ تصور کرنے کی وجہ سے مصباح دفاعی انداز اپناتے رہے، مگر اب وہ کھیل میں مثبت تبدیلی لائے اور آگے بڑھ کر قیادت کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انھیں جون میں انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس سے قبل مئی میں اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے2،2میچز میں بھی وہی ذمہ داری نبھائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کافی عرصے سے ون ڈے میں بھی قیادت کا خواب دیکھ رہے ہیں مگر ابھی انھیں مزید انتظار کرنا پڑے گا، ان کی جیسے سوچ رکھنے والے چند دیگر کھلاڑیوں کو اوسط درجے کی کارکردگی نے ٹیم میں جگہ بچانے کی تگ و دو میں ہی مصروف کردیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ نے اسکواڈ کی برطانیہ روانگی سے قبل بیٹنگ کوچ کے تقررکی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں، کسی غیر ملکی کو عہدہ سونپنے پر اتفاق ہو چکا مگر تاحال ہنٹ کمیٹی کوئی موزوں امیدوار تلاش نہیں کر سکی ہے، البتہ ظہیر عباس سمیت کئی سابق کرکٹرز یہ پوسٹ حاصل کرنے کیلیے بے چین نظر آتے ہیں ۔