ہم نے پنجاب بدلا اب پاکستان بدلنے جا رہے ہیںکیپٹن صفدر

ن لیگ نے ایک یونٹ بجلی پیدا نہ کی،اب ایک سال میں کیسے کمی دور کرینگے،امتیاز صفدر


Monitoring Desk March 26, 2013
تحریک انصاف برسراقتدار آکر بلا امتیاز احتساب کریگی،حامد خان کی کل تک میں گفتگو فوٹو : فائل

KARACHI: مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب بدلا ہے اب پاکستان بدلنے جا رہے ہیں۔

مانسہرہ اور مینار پاکستان میں گو کہ بہت فرق ہے تاہم مسلم لیگ ن نے مینار پاکستان سے بڑا جلسہ کیا ہے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ ہزارہ میں ریفرنڈم کے بعد سب سے بڑا جلسہ تھا، 11مئی کو پتہ چل جائے گا کہ کتنے لاکھ لوگ ووٹ ڈالتے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلاول سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے والد کی پانچ سالہ کارکردگی سے ہونے والی شرمندگی کے باعث گھر بیٹھے لوگوں سے ٹیلی فون کے ذریعے خطاب کریں گے۔



پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے ہمارے خدشات دوسری جماعتوں سے زیادہ ہیں، اپنی پارٹی کی تعریف کرنا کیپٹن(ر) صفدر کی مجبوری ہے، پنجاب کونسا جنت کا نظارہ پیش کر رہا ہے، تعلیم کا نظام تباہ ہو گیا، ن لیگ نے بجلی کی پیدوار میں ایک یونٹ بجلی پیدا نہ کی، نہ ہی پنجاب نے بجلی پیدا کی، اب یہ ایک سال میں بجلی کی کمی کو کیسے دور کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما حامد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے پارٹی الیکشن کے فوراً بعد بہت بڑا جسلہ کر کے ثابت کر دیا کہ ہماری مقبولیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ میر ہزار خان کھوسو کا جھکائو پیپلز پارٹی کی جانب ہے۔ حامد خان نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی برسراقتدار آگئی تواصغر خان کیس سمیت عدلیہ کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں گے۔