ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی اومان کو پہلی بار میز بانی مل گئی

پاکستان، بھارت، ملائیشیا، کوریا، جاپان اور میزبان ملک کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی


Sports Reporter January 31, 2018
رواں برس شیڈول ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اومان کو سونپ دی گئی؛ فوٹوفائل

لاہور: رواں برس شیڈول ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پہلی بار اومان کو سونپ دی گئی۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشیائی ایونٹ 18 سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائیگا۔ پانچویں ایڈیشن میں پاکستان سمیت بھارت، ملائیشیا، کوریا، جاپان اور اومان کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اے ایچ ایف ایشین چیمپئنز ٹرافی کا آغاز2011سے ہوا، اب تک ایشیائی ایونٹ کے 4 ایڈیشنز میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو 2، 2 بار ٹائٹل نام کرنے کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے، 2011 میں چین کے شہر اورڈوس میں شیڈول ایونٹ کے فائنل میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-2 سے زیر کیا تھا۔

2012 میں قطر کے دارالحکومت دوحا میں پاکستانی ٹیم نے بلو شرٹس کو 5-4 سے زیر کر کے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آئندہ برس جاپان میں شیڈول تیسرے ایڈیشن میں پاکستانی ٹیم نے جاپان کو 3-1 سے ہرا کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تاہم2016 میں ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں بھارت نے پاکستان کو 3-2 سے زیر کرکے دوسری بار ایشیائی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کو رواں برس بھارت میں28 نومبر سے16دسمبر تک بھونیشور میں شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔

عالمی رینکنگ میں بھارتی ٹیم اس وقت چھٹی پوزیشن کیساتھ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں میں ٹاپ پر ہے، ملائیشیا 12ویں پوزیشن کے ساتھ دوسرے اور پاکستان 13ویں پوزیشن کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جنوبی کوریا عالمی رینکنگ میں 14ویں، جاپان 16ویں اور اومان 32ویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ادھر ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر پرنس عبداللہ احمد شاہ نے تصدیق کی ہے کہ ایشیائی ایونٹ کی میزبانی اومان ہی کرے گا، ہمیں خوشی ہے کہ اومان ایشیا میں ہاکی کے فروغ کیلیے پیش پیش ہے۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے سی ای او طیب اکرام کے مطابق اے ایچ ایف مستقبل میں بھی اومان ہاکی ایسوسی ایشن کیساتھ ہاکی معاملات کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ برس اے ایچ ایف کے کانگریس کے اجلاس میں اومان ہاکی ایسوسی ایشن کو ایشین چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سونپی گئی، مجھے امید ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد ایشیائی سطح پر ہاکی کے کھیل کو فروغ ملے گا۔

اومان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر کیپٹن طالب الوحیبی نے کہا کہ ایشیائی ایونٹ کی میزبانی کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، ٹرافی کے کامیاب انعقاد سے اومان میں کھیل کو فروغ ملے گا، ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں عمدہ نتائج کے حصول کیلئے ہم نے دنیا کے بہترین پاکستانی کوچ طاہر زمان کی خدمات حاصل کی ہیں، ان کی کوچنگ میں ہماری ٹیم ٹرافی سمیت مستقبل کے ایونٹس میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔