گندم خریداری کے سرکاری مراکز فوری کھولے جائیں آبادگار بورڈ

کاشتکاروں کو محکمہ خوراک اور بیوپاریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا،عبدالمجید نظامانی


Numainda Express March 27, 2013
عبدالمجید نظامانی نے کہا کہ سندھ کے آبادگاروں کو بے رحم محکمہ خوراک اور بیوپاریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ آبادگار بورڈ کے صدر عبدالمجید نظامانی نے گندم کی فصل مکمل ہونے کے باوجود خریداری مراکزقائم نہ کرنے پرتشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ25 فیصد اضافے کے ساتھ خریداری مراکز فوری کھولے جائیں ۔

انھوں نے کہا کہ زیریں سندھ سمیت دیگر علاقوں میں گندم کی فصل مکمل ہو چکی ہے اور کئی شہروں کی مارکیٹوں میں یہ گندم پہنچ بھی چکی لیکن حکومت کی جانب سے تاحال گندم کی خریداری کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جس کی ذمے دار سابق حکومت ہے۔

انھوں نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیاکہ گندم کے کاشتکاروں کو مزید نقصان سے بچانے کیلیے فوری طور پر خریداری مراکز قائم کیے جائیں۔ پنجاب میں گندم کی فصل مارکیٹ میں آنے سے قبل ہی خریداری کے انتظامات مکمل کر لیے گئے لیکن سندھ کے آبادگاروں کو بے رحم محکمہ خوراک اور بیوپاریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔