یوم یکجہتی کشمیر کا پیغام

پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔


Editorial February 06, 2018
پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

دنیا بھر میں پیر کو یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے سے منایا گیا' پاکستان سمیت مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم اور بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالی گئیں۔اس دن کو منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور دنیا کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے صدر ممنون حسین، وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات نے اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ اس دیرینہ مسئلے کے منصفانہ حل کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمان بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں، بھارت نے ہر حربہ آزما لیا لیکن کشمیریوں کا بچہ بچہ آزادی کی شمع لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔

کشمیر کے مسئلے پر کبھی دو رائے نہیں رہی، کشمیر کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے، پاکستان کے عوام کشمیر کے مسئلے پر متحد اور کشمیریوں کے ساتھ ہیں، سیاسی معاملات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر ہمیں متحد رہنا چاہیے، اس معاملے پر ہم تقسیم ہوئے تو اس سے نقصان ہوگا،متحد ہونے سے کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام عالمی برادری کے جاگنے کا انتظار کررہے ہیں اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کے تحت اپنے مستقبل کا حل چاہتے ہیں' بھارتی فوج کا جبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکتا اور تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی انشاء اللہ کامیاب ہوگی۔

مسئلہ کشمیر 70سال سے دونوں ممالک کے درمیان یونہی چلا آ رہا ہے اس کا حل سیاسی مذاکرات اور جنگی میدانوں میں ڈھونڈنے کی بارہا کوششیں کی گئیں مگر کوئی نتیجہ سامنے نہ آ سکا۔ آج بھی کنٹرول لائن پر ہونے والی گولہ باری کسی وسیع جنگی میدان کے سجنے کا خوف دلاتی ہے۔ پاکستان کا ایک ہی اصولی موقف رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے' یہ علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔

بھارت نے کشمیر میں پروان چڑھنے والی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے پیلٹ گن کے سفاکانہ استعمال کے علاوہ طاقت کا ہر حربہ آزما لیا مگر وہ کشمیریوں کے دلوں میں فروزاں جذبہ حریت کی شمع کو گل کرنے میں ناکام رہا۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ 5فروری کو یکجہتی کا اظہار کر کے پوری دنیا پر یہ عیاں کر دیتا ہے کہ وہ کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد کرتے ہوئے اپنے اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ کشمیریوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔ حیرت انگیز امر ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کا ہر حربہ آزماتے ہوئے جس طرح انسانی حقوق کے عالمی منشور کی پامالی کر رہی ہے۔

اس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے کبھی لب کشائی کی زحمت نہیں کی اور نہ بھارت پر کبھی دباؤ ڈالا کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے جبر کے دروازے بند کر دے۔ اگر اتنا ظلم کسی غیر مسلم اور یورپی ملک میں ہو رہا ہوتا تو اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی طاقتیں فوراً اکٹھی ہو جاتیں اور اس ملک پر افواج لے کر چڑھ دوڑتیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی منافقانہ پالیسی عیاں ہو چکی ہے کہ وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطین' کشمیر اور دنیا میں کہیں بھی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر قطعی خاموش رہتی ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بالکل صائب کہا کہ پاک فوج اور کشمیری بہن بھائی ایل او سی پر قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاک فوج نے تاریخ کی انسداد دہشت گردی کی سب سے بڑی جنگ لڑی ،پاک فوج کے 2لاکھ جوان یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں فتح حاصل کی، پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر کے لیے ہم 70 سال سے جنگ لڑرہے ہیں، ہم سیاسی، سفارتی اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اہل پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے اگر اس کے حل میں یونہی تاخیر کی جاتی رہی تو اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جنوبی ایشیا کے خطے کو پرامن بنانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گی اور کنٹرول لائن پر چلنے والی کوئی بھی گولی پورے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونک سکتی ہے۔