دہری شہریت پر نااہل ہونیوالے سابق ارکان پارلیمنٹ کی لسٹ جاری

جعلی ڈگری والے54سابق ارکان پارلیمنٹ کے نام الیکشن کمیشن کو ارسال کردیے گئے


Monitoring Desk March 30, 2013
جعلی ڈگری والے54سابق ارکان پارلیمنٹ کے نام الیکشن کمیشن کو ارسال کردیے گئے فوٹو: فائل

دہری شہریت پر نااہل ہونے والے سابق ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کر دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے سابق ارکان پارلیمنٹ کی لسٹ جمعے کو ویب سائٹ پر جاری کی ہے فہرست کے مطابق دْہری شہریت پر نااہل ہونیوالوں میں 5سابق قومی اسمبلی ارکان ہیں، جبکہ پنجاب اسمبلی کے 5 اور سندھ اسمبلی کے 2سابق ارکان شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کے نااہل سابق ارکان میں فرح ناز اصفہانی، شہناز شیخ، زاہد اقبال، جمیل ملک، فرحت محمد خان بھی شامل ہیں۔

مزید براں دْہری شہریت کے حلف نامے جمع نہ کرانے والوں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ، ان میں عاصم حسین، حیدر عباس رضوی، دونیا عزیز، سید طیب حسین، ندیم احسان، فوزیہ اعجاز، سبین رضوی، اریش کمار، عارف عزیز شیخ، جمیل احمد ملک، فوزیہ اصغر شامل ہیں۔ دریں اثنا ایچ ای سی نے جعلی ڈگری والے 54 سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے ہیں ۔



ٹی وی رپورٹ کے مطابق جن 54 سابق ارکان کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے ہیں، ان میں ناصر علی شاہ، میر بادشاہ قیصرانی، سیموئیل کامران ، شمائلہ رانا ،اخونزادہ چٹان، ثمینہ خاور حیات، غلام دستگیر راجڑ، وسیم افضل گوندل، اسرار اللہ زہری اور عمر کورگیج کے نام بھی شامل ہیں، امتیاز صفدر وڑائچ اور قاسم ضیاء کے نام بھی غیر تصدیق والے ارکان میں شامل ہیں۔

ایچ ای سی نے میٹرک اور ایف اے کی اسناد جمع نہ کرانے والے 189 سابق ارکان کے نام بھی الیکشن کمیشن کو بجھوا دیے ہیں۔ ایچ ای سی کی طرف سے الیکشن کمیشن کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ خورشید شاہ، چوہدری نثار، فیصل صالح حیات، افراسیاب خٹک، منظور وٹو، جاوید ہاشمی، امتیاز صفدر وڑرائچ، قاسم ضیا،افشاں گوہر،نادیہ گبول، ملک نعمان لنگڑیال اور صمام بخاری سمیت دیگر ارکان نے مکمل اسناد جمع نہیں کرائیں۔