افغانستان میں B52 امریکی طیاروں کی بمباری 40 طالبان مارنے کا دعویٰ

بدخشاں میں امریکی افواج نے 17 سال بعد بی باون طیاروں سے طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا


News Agencies February 17, 2018
ہلمند اور دیگر علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملے، 14طالبان ہلاک،7 زخمی ہوئے۔ فوٹو : فائل

امریکا نے افغانستان میں 52 طیاروں کے ذریعے بمباری میں 40 سے زائد عسکریت پسند مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوجی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بدخشاں میں طالبان کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔ امریکی افواج نے 17 سال کے بعد بی52 بمبار طیاروں کے ذریعے صوبہ بدخشاں میں طالبان کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب افغانستان میں دفاعی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بی 52 طیاروں کا دوبارہ استعمال افغانستان میں امریکی حکومت کی نئی دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے، اس کے تحت طالبان کو کمزور سے کمزور تر کرنیکی کوشش کرنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلمند اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانوں کو 2 مختلف فضائی حملوں سے نشانہ بنایا، حملوں میں طالبان کے ٹھکانے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی تباہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے حملے میں 14 طالبان ہلاک جبکہ7 زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں طالبان تحریک نے امریکی عوام اور کانگریس کے ارکان کے نام ایک کھلے خط میں مذاکرات کی پیشکش کی تھی، نیٹو نے اسے مسترد کر دیا۔

 

مقبول خبریں