پاکستان میںتبدیلی کیلیے امریکا چھوڑ کر آیا ہوں سلمان احمد

پی ٹی آئی کا ممبرنہیں،مذہب کومیرے خلاف سیاسی مقاصدکیلیے استعمال کیاجارہا ہے.


Monitoring Desk March 30, 2013
نوازشریف کا گورننگ اسٹائل پاکستان کو نہیں بچاسکتا ،لائیوود طلعت میں گفتگو فوٹو : فائل

اقوام متحد ہ کے خیر سگالی سفیر اور پاپ سنگر ڈاکٹر سلمان احمد نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پاکستان کا ہر شہری اب تبدیلی چاہتا ہے۔

جمہوریت میں ہر ایک کو رائے کی آزادی ہوتی ہے،ہمارے ملک میں 65 سال سے ایک کلب عوام کی سوچ کو دبانے کا کام کررہا ہے۔ پاکستان کی تبدیلی میںکردار ادا کرنے کیلئے امریکہ میں سب کچھ چھوڑ کرآیاہوں۔ایکسپریس نیوزکے پروگرام'' لائیو ود طلعت''میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ سال 2005 میں بی بی سی کی فلم '' اٹس مائی کنٹری'' کی تھی جس میں میرا ایک25 سیکنڈ کا کلپ دیکھ کر مجھے واجب القتل قرار دیا گیا ۔مجھے نہیں پتہ تھا کہ کیمرہ آن ہے اور وہ ایک پرائیویٹ گفتگو تھی۔

اس گفتگو میں اسلام کے بارے میں جوکہا اس کا مطلب اسلام کو وہاں کے عوام کی زبان میں آسان تر انداز میں پیش کرنا تھا۔ اس وقت اس کو ساری دنیا نے دیکھا کسی نے احتجاج نہیں کیا لیکن اب الیکشن کے قریب اس پر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔میں بنیادی طورپر سوشل ایکٹوسٹ ہوں، میں نے جہاد کے لفظ کے منفی اثر کے خاتمے کیلئے کتاب ''راک اینڈ رول جہاد''لکھی اور میری بات کو سمجھنے کیلیے کتاب پڑھنی پڑیگی اور فلم دیکھنی پڑیگی ۔جن لوگوں نے اس فلم کے ٹکڑے کو لگا دیا ہے۔



شائد ان کو پتہ نہیں کہ یہ فلم بنیادی طورپر اسلام کے حق میں بنائی گئی تھی یا پھر جان بوجھ کر مجھ پر تہمت لگارہے ہیں ۔مجھ پر اس حملے کا تعلق دین سے نہیں، سیاست سے ہے میرے خلاف مذہب کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیاجارہا ہے جو کسی بھی مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔ پاکستان میں باریاں لگی ہوئی ہیں ۔نوازشریف کا گورننگ سٹائل پاکستان کو نہیں بچاسکتا ۔مشرف نوازشریف کی ہی چوائس تھی، جو نتیجہ آیا سب نے دیکھا۔یہ سچ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں فیض احمد فیض ،حبیب جالب،احمد فراز،سعادت حسن منٹو نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔میوزک میں سوشل پیغام شامل ہیں، دل دل پاکستان ڈکٹیٹر شپ کے دوران ٹی وی پرآیا، اسی طرح ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار سنا گیا۔مجھے اپنا نیا گیت ''نیا پاکستان '' ریلیز نہ کرنے کے لیے ڈھائی کروڑ روپے کی آفر ہوئی ہے۔ مجھے کہا گیا کہ یہ گیت الیکشن کے بعد ریلیز کروں ۔اس وقت پیسے اور جنون کا مقابلہ ہے اور جنون جیتے گا۔