قمر زمان نے چیف سیکریٹری پنجاب بننے سے معذرت کر لی

الیکشن کمیشن نے قمرزمان چوہدری کو چیف سیکریٹری پنجاب مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔


INP March 31, 2013
الیکشن کمیشن نے قمرزمان چوہدری کو چیف سیکریٹری پنجاب مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔فوٹو: فائل

وفاقی سیکریٹری تعلیم میجر(ر) قمرزمان چوہدری نے پنجاب کا چیف سیکریٹری بننے سے رضاکارانہ طور پر معذرت کرلی اور فیصلے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کو آگاہ کردیا۔

الیکشن کمیشن نے قمرزمان چوہدری کو چیف سیکریٹری پنجاب مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ نہایت ذمے دار او رمصدقہ ذرائع نے آئی این پی کو بتایاکہ وفاقی سیکریٹری تعلیم میجر(ر) قمرزمان چوہدری نے چیف سیکریٹری پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے رضاکارانہ طور پر معذرت کرلی اور اپنے فیصلے سے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کردیاہے۔ قمرزمان نے کہاکہ انتخابات کے لیے 2ماہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اوروہ سمجھتے ہیں کہ ان سے بہتر کوئی دوسرا شخص پنجاب کے چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھال سکتاہے۔

واضح رہے کہ قمرزمان کے میاں نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ وہ نوازحکومت کے دور میں گریڈ20 کے افسر ہوتے ہوئے گریڈ22کے 3عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ضیاالحق دور میں قمرزمان ضیاالحق کے اے ڈی سی بھی رہ چکے ہیں نیز پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں سیکریٹری داخلہ بھی رہے۔ قمرزمان کی بطورچیف سیکریٹری پنجاب تعیناتی پر تحریک انصاف نے شدید تحفظات کا اظہار کیاتھا۔ عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے ملاقات میں بھی یہ معاملہ اٹھایا اور کہاکہ انھیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والا بیوروکریٹ بطور چیف سیکریٹری قبول نہیں۔ عمران خان نے گزشتہ روز نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد ایک تقریب سے خطاب کے دوران دعویٰ کیا تھاکہ وزیراعلیٰ نے انھیں یقین دلایاہے کہ وہ یہ تقرری نہیں ہونے دیںگے۔