رائیڈرخود پرحملے کو ڈرائونا خواب سمجھ کر بھول بیٹھے

بیٹسمین کو ابھی واقعے کی بابت کچھ یاد نہیں آرہا، دوبارہ انٹرویو ہوگا، پولیس.


Sports Desk April 03, 2013
کرکٹر کو زدوکوب کرنے پرگرفتاردونوں افراد کو کل عدالت میں پیش کیاجائیگا۔ فوٹو: فائل

کیوی کرکٹ اسٹار جیسی رائیڈر اپنے ساتھ پیش آنیوالے افسوسناک واقعے کو ڈرائونا خواب سمجھ کر بھول گئے۔

رائیڈر نے پولیس کو بتایا کہ انھیں خود پر ہونیو الے حملے کی بابت کچھ یاد نہیں ہے، البتہ ان پر حملے کے الزام میں گرفتار 20 اور 37 سالہ دونوں افراد کو جمعرات کے دن مقامی عدالت میں پیش کیاجائیگا۔28 سالہ کیوی بیٹسمین رائیڈر کو گذشتہ دنوں مقامی شراب خانے اور ریسٹورنٹ کے بعد کچھ نامعلوم افراد نے اس بری طرح زدوکوب کیاتھا کہ ان کی جان جاتے جاتے بچی ، اس واقعے کے بعد کیوی اسپورٹس اسٹارز کو عوامی مقامات پر اپنی حفاظت کا خاطرخواہ بندوبست کرنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔

 

4

اگرچہ رائیڈر کی جسمانی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے، اس معاملے کی چھان بین کرنے والے سینئر سارجنٹ برائن آرچر نے رائیڈر سے انٹرویو کے بعد میڈیا کو بتایا کہ بدقسمتی سے مسٹررائیڈر کو اپنے ساتھ پیش آنیو الے اندوہناک واقعے کے بارے میں ابھی کچھ یاد نہیں آرہا، تاہم ان کی جسمانی حالت میں ہونے والی بہتری سے ان کی یادداشت بھی قدرے بہتر ہونے کی امید ہے اور ہوسکتا ہے پھر میں دوبارہ ان سے بات کروں، تاہم ابھی فوری طور پر ان کا دوبارہ انٹرویو لینے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

رائیڈر کے ساتھ گذشتہ پانچ برس سے کام کرنے والے ماہر نفسیات کیرن نے کہاکہ ہائی پروفائل اسپورٹس اسٹارز اگرچہ عمومی طورپر عام افراد سے میل جول رکھتے ہیں لیکن اس میں بہت خطرہ تھا، دوسری جانب آل بلیکس کے سابق کوچ گراہم ہنری کا کہنا ہے کہ دیگر ٹیموں کو بھی رگبی کی مثال پر عمل کرنا چاہیے، جنھوں نے شراب خانے جانے پر اپنے پلیئرز کو سیکیورٹی گارڈ فراہم کررکھے ہیں، جو ان سے فاصلے پر رہ کر نظر رکھتے ہیں تاکہ پلیئر کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آجائے۔

مقبول خبریں