بہتر تعلقات امریکا و پاکستان دونوں کیلیے ضروری ہیں تہمینہ جنجوعہ

دونوں دہشتگردی اور القاعدہ کیخلاف کامیاب اتحادی ہیں، سی پیک خطے کو جوڑنے کیلیے اہم ہے، سیکریٹری خارجہ


News Agencies March 09, 2018
خواتین پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں، حکومت بااختیار بنانے کیلیے پرعزم، ویمنز ڈے پر تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلقات امریکا کیلیے بھی اتنے ہی ضروری ہیں جتنے پاکستان کیلئے ضروری ہیں۔

تہمینہ جنجوعہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کے دوران جو بات چیت ہوئی اور جو کام ہوا اسے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور امریکا کومل کر خطے میں امن وامان قائم کرنے کے لیے کوشش کرناہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورامریکا دہشت گردی اورالقاعدہ کیخلاف کامیاب پارٹنرہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک خطے کوجوڑنے کیلئے بہت اہمیت رکھتاہے۔

سیکریٹری خارجہ دوروزہ سرکاری دورے پرامریکا میں موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقا ت کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام سخت اقدامات پرزوردیتاہے۔

تہمینہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا کے ساتھ بات چیت میں تمام ایشوز پر بات کرنا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ بھی پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ ہم نے افغانستان کو 5 ورکنگ گروپس کی تجویز دی ہے۔ یہ ورکنگ گروپ آپریشنل ہوجائیں تو تمام ایشوز پر مستقل بات چیت ہوتی رہے گی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ کااہم حصہ ہے جو خطے کو جوڑنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور علاقائی انضمام انتہا پسندی اور دہشتگردی سے لڑنے کیلیے پاکستان کی بنیادی حکمت عملی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہاہے کہ خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کرداراداکررہی ہیں، حکومت پاکستان ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے' خصوصی طور پر ان کی سیاسی و اقتصادی شعبوں میں متحرک شرکت کے حوالے سے پرعزم ہے، ابھی اس سلسلے میں بہت کچھ کرناباقی ہے، اب پاکستان میں خواتین کوجتنی آزادی اوراپنے حقوق حاصل ہیں اتنے پہلے کبھی نہ تھے۔

قبل ازیں امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے تہمینہ جنجوعہ کا استقبال کیا جو سیکرٹری خارجہ کا عہدہ حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ پاکستان میں خواتین کی بڑے عہدوں تک رسائی کو سراہتے ہوئے اعزازچوہدری نے کہاکہ پاکستانی نژادامریکی خواتین کے ملکی ترقی کیلیے اداکیے گئے کردار کو سراہا۔

مقبول خبریں