ملکی تاریخ کے پہلے بائیوپلانٹ نے کام شروع کردیا

عبداللطیف سہو نے صرف5لاکھ روپے لاگت سے ملکی وسائل سے تیارکیا


INP April 05, 2013
ربڑکی ناکارہ اشیاسے پٹرول،ڈیزل،گیس،تارکول تیار ہوگا، زرمبادلہ کی بچت ہوگی

ربڑ کی ناکارہ اشیا سے پٹرول، ڈیزل، گیس، تارکول تیار کرنے والے ملکی تاریخ کے پہلے بائیوپلانٹ نے انتہائی کامیابی سے کام شروع کردیا ہے۔

اس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد رؤف تھے جبکہ اس موقع پر اٹامک انرجی کے سائنسدان محمدبابر، ممتاز کیمیادان پروفیسر محمدمنیر اور میڈیا کے ارکان سمیت سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ شرکا نے شاندار کامیابی پر پلانٹ کے تخلیق کارچوہدری عبداللطیف سہو کو مبارک باد پیش کی۔

چوہدری عبداللطیف سہو نے پلانٹ کے آپریشن کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران بتایاکہ نئی تحقیق کے تحت 5لاکھ روپے کی انتہائی کم لاگت سے ربڑ کی ناکارہ اشیا سے پٹرول، ڈیزل تیار کرنے والا چھوٹاپلانٹ بہت کم مدت میں تیار کیا گیاہے۔ انھوں نے بتایاکہ اس پلانٹ کی تمام مشینری ملکی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے پاکستان میں ہی تیار کی گئی ہے جبکہ بڑے پلانٹ کی مشینری دوسرے ممالک سے منگوانی پڑے گی۔ انھوںنے کہاکہ اس طرح کے چھوٹے پلانٹ لگاکر ملک سے بیروزگاری کا خا تمہ نیز انرجی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

3

انھوں نے بتایاکہ 6 سے 7من ربڑ کی ناکارہ اشیا سے روزانہ 110سے لے کر 130لیٹر تک پٹرول وڈیزل، 50کلو لوہے کی تاریں، 10کلو تارکول اور 15کلو کاربن بھی حاصل ہوگا۔ نیز اس پلانٹ سے نکلی ہوئی کو ئی چیز ضائع نہیں جائے گی۔ انھوں نے بتایاکہ ان تمام پیداشدہ پراڈکٹس کی روزانہ آمدنی 5ہزارروپے ہو گی۔ انھوں نے بتایاکہ پلانٹ اپنی تیارکردہ گیس پر کام کرے گا اور کسی قسم کی آلودگی نہیں پھیلے گی۔

انھوں نے بتایاکہ 500من ٹائروں کی کھپت والے پلانٹ سے 12گھنٹوں میں 3000 لیٹر پٹرول، 6000 لیٹر ڈیزل، ایک ہزارکلو تارکول، 4ہزارکلو لوہے کی تاریں اور وسیع پیمانے پر گیس حاصل کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے بتایاکہ اس کامیاب تجربے سے حاصل ہونے والے پٹرول اورڈیزل کی قیمت 45روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ اس ایک پلانٹ سے حکومت کو سالانہ 3ارب روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ اگر ہرشہر میں اس طرح کا ایک ایک یو نٹ لگادیاجائے تو100یونٹ لگانے سے3سوارب روپے کی سالانہ بچت ہوگی جس سے پاکستان غیرملکی قرضوں سے نجات حاصل کرنے سمیت ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کرسکتاہے۔