5 برس کے دوران سبز پاسپورٹ اور قومی پرچم بے وقار ہو تا رہا نواز شریف

ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈراپنے اتحاد سے انتخابی حریفوں کا مقابلہ کریں،اجلاس سے خطاب


Numainda Express April 05, 2013
جنوبی پنجاب میں بننے والا کوئی عوام دشمن اتحاد ن لیگ کی جیت میں حائل نہیں ہوسکتا، سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے، شہبازشریف۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ن) کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے5 برسوں میں شاید ہی کوئی دن ایسا گزرا ہو جب لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، مہنگائی اور بدامنی کی سنگین صورتحال کے خلاف احتجاج نہ ہوا ہو۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ5برسوں میں دنیا میں پاکستان کا سبز پاسپورٹ اور سبز ہلالی پرچم بے وقار ہوتا رہا۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ 90، 93 کے دوران ہماری ہی حکومت تھی، جس نے مالیاتی اداروں کو نوکرشاہی کے چنگل سے آزادی دلا کر لاکھوں تعلیم یافتہ افراد کیلیے مواقع پیدا کیے ۔ انھوں نے انتخابی امیدواروں سے کہا کہ انھیں اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کے ذریعے اپنے انتخابی حریفوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

13

دریں اثنا جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی وفد سے ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ہم دوبارہ حکومت میں آکر جنوبی پنجاب میں تعمیروترقی کا سلسلہ وہیں سے دوبار ہ شروع کریںگے جہاں سے مارچ 2013 میں ہماری حکومت کے اختتام پر ٹوٹا تھا۔ جنوبی پنجاب کے عوام ان نام نہاد لیڈروں کو معاف نہیں کریںگے جنھوں نے 2010 کے سیلاب کے دنوں میں انھیں تنہا چھوڑ دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ سیاست محض خواب دیکھنے اور دکھانے کا کام نہیں یہ عوام کی خدمت کا دوسرا نام ہے جس کیلیے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بننے والا کوئی عوام دشمن اتحاد مسلم لیگ ن کی جیت میں حائل نہیں ہوسکتا۔