ٹیم مینجمنٹ نے عمر اکمل کو ہوٹل تک محدود کردیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 17 مارچ 2018
عمر اکمل ناقص کارکردگی کے ساتھ خراب رویے پرڈراپ ہوئے۔ فوٹو: فائل

عمر اکمل ناقص کارکردگی کے ساتھ خراب رویے پرڈراپ ہوئے۔ فوٹو: فائل

شارجہ: لاہور قلندرز کی ٹیم مینجمنٹ آخری میچز میں نہ صرف عمر اکمل کو میچز سے ڈراپ کیا بلکہ انہیں ہوٹل تک محدود کردیا تھا۔ 

باصلاحیت عمر اکمل کسی دور میں قومی کرکٹ ٹیم میں پاور ہٹر کا خلا پُرکرنے کیلیے مضبوط امیدوار خیال کیے جاتے تھے،انھوں نے چند حیران کن اننگز بھی کھیلیں تاہم بعد ازاں کارکردگی کا گراف برقرار نہ رکھ سکے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں میں بھی ملوث رہے۔

چیمپئنز ٹرافی2017سے قبل فٹنس ثابت نہ کرپانے پر انگلینڈ سے وطن واپس بجھوائے جانے پر نالاں عمراکمل نے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا رخ کیا تو ٹریننگ کا موقع نہ دینے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیخلاف پریس کانفرنس کردی۔

3میچز کی پابندی اور 10لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ غیرملکی لیگز کے این او سی بھی منسوخ ہوئے، عمر اکمل رواں ایونٹ کے  5میچز کھیل کر صرف 57رنز ہی بنا پائے۔

پشاور زلمی کیخلاف میچ میں بڑے مضحکہ خیز انداز میں رن آؤٹ ہونے پر انگلیاں اٹھیں، مینجمنٹ نے ان کو ڈراپ کرکے میدان میں لانے سے بھی گریز کرتے ہوئے ٹیم ہوٹل تک محدود کردیا،ان کے بغیر ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوتی گئی، پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع تو ہاتھ سے نکل گیا لیکن شکستوں کا سلسلہ ضرور ختم ہوگیا۔

’’کرک انفو‘‘ کے مطابق ڈراپ ہونے کے باوجود عمراکمل کو ملنے والے ایک لاکھ 60ہزار ڈالرز کو کوئی خطرہ نہیں تھا لیکن انھوں نے میڈیا میں کپتان برینڈن میک کولم کے اپنے حوالے سے بیانات پر چراغ پا ہوکر مینجمنٹ کو موبائل فون پر پیغامات بھیجنا شروع کردیے۔

اگرچہ ایونٹ کی ساکھ خراب ہونے کا خدشہ پیش نظر رکھتے ہوئے کھل کر ان کیخلاف کوئی بات منظر عام پر نہیں لائی گئی تاہم سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے کے بعد اب پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے ساتھ بھی ان کا سفر تمام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔