اہم کموڈیٹیز کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی

سون ا30.25، چاندی1.67، پلاٹینم 45 اور پلاڈیم کی قیمت 50 ڈالر فی اونس گھٹ گئی۔


AFP April 07, 2013
تانبہ، المونیم، لیڈ، ٹن، کلئی اور زنک کے نرخ کم، چینی اور ربر کے دام بھی گر گئے۔ فوٹو : ایکسپریس

امریکی لیبرمارکیٹ کی مایوس کن رپورٹ اور جنوبی وشمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ ہفتے بیشتر کموڈیٹیز کی عالمی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔

سونے کی قیمت مئی 2012 کے بعد کم ترین سطح پر آکر جمعہ کوکچھ بلند ہوئی، کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1568ڈالر فی اونس رہی جو ہفتے کے آغاز پر 1598.25 ڈالر فی اونس تھی، اس طرح گزشتہ ہفتے سونے کی عالمی قیمت میں 30.25 ڈالرفی اونس کمی ہوئی، چاندی کی قیمت 1.67ڈالر گھٹ کر 28.64 ڈالر فی اونس سے کم ہو کر 26.97 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1576 ڈالر سے کم ہو کر 1531 ڈالر فی اونس، پلاڈیم کی قیمت 770ڈالر سے نیچے آکر 720ڈالر فی اونس ہوگئی۔



اس طرح دونوں کموڈیٹیز کی قیمتیں بالترتیب 45اور50ڈالر فی اونس کم ہوئیں، بیس میٹل میں سے تانبہ7606 ڈالر سے کم ہو کر 7421ڈالر فی ٹن، المونیم 1913ڈالر سے کم ہو کر 1888ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت2115ڈالر سے کم ہو کر 2067ڈالر فی ٹن، Tin کی قیمت 23ہزار 150 ڈالر سے گھٹ کر22ہزار800ڈالر فی ٹن، کلئی کی قیمت 16ہزار690ڈالر سے کم ہو کر 16ہزار65ڈالر فی ٹن اور زنک کی قیمت 1901ڈالر سے گھٹ کر 1887ڈالر فی ٹن رہ گئی۔

اس کے علاوہ سفید چینی کی عالمی قیمت 505.50 ڈالر سے کم ہو کر 503.10ڈالر فی ٹن اور خام چینی کی قیمت 17.82سینٹ سے گھٹ کر 17.63 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی جبکہ ربرکی قیمت 269.35سینٹ سے نیچے آکر 257.50سینٹ فی کلو ہوگئی۔