78واں یوم پاکستان کل منایا جائے گا

وفاقی دارالحکومت میں31،صوبائی میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔


Staff Reporter/News Agencies March 22, 2018
جامع سیکیورٹی وٹریفک پلان ترتیب، مسلح افواج کی شاندار ریہرسل پریڈ۔ فوٹو: فائل

78واں یوم پاکستان کل قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

78واں یوم پاکستان کل قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائیگی اور دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعاؤں سے ہوگا۔

شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائیگا، جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ اورکیمل بینڈ پریڈمیں حصہ لیں گے،ملک میں تیار کئے گئےJF-17 تھنڈر طیارے سمیت لڑاکا طیارے فضائی مظاہرہ پیش کریں گے،گزشتہ روزبھی پریڈ کی ریہرسل کے حوالے سے جڑواں شہروں میں موبائل سروس جزوی طورپرمعطل رہی۔

دوسری جانب پریڈ کیلئے ٹریک پلان بھی جاری کردیا گیا، اکیس سے تیئس مارچ تک ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل سے فیض آباد تک سڑک بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ راول ڈیم چوک سے فیض آباد اور، فیصل ایونیو زیروپوائنٹ سے فیض آباد تک بھی سڑک بند ہو گی، اکیس اور23 مارچ کو دن 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ اسلام آباد میں بند ہوگا،لاہور سے آنیوالی ٹریفک روات ٹی کراس سے راولپنڈی موڑ دی جائیگی۔ ایئرپورٹ سے آنے والی ٹریفک لہترار روڈ سے کشمیر ہائی وے پر جاسکے گی،اسلام آباد سے ٹریفک نائنتھ ایونیو کے ذریعے راول روڈ سے ایرپورٹ جائیگا،فیض آباد 21 اور23 مارچ کو صبح 5 سے دن 2 بجے تک ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔

پریڈ کیلئے جاممع سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیدیا گیا ہے، دوہزارافسران اوجوان ڈیوٹی دیں گے،اس موقع پرایلیٹ فورس گھڑ سواراور ڈولفن فورس کے اہلکار راولپنڈی شہر میں گشت کریں گے۔

ادھر سندھ حکومت نے یوم پاکستان کے موقع پر 23مارچ کوصوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا، اس ضمن میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر سرکاری، نیم سرکاری ادارے، کارپوریشنز، لوکل کاؤنسلز اور ماتحت ادارے بند رہیں گے۔

مقبول خبریں