پاکستان میں کرکٹ کے میدان آباد ہونے کے مثبت اشارے

کراچی میں آخری بار 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم میدان میں اتری۔


Editorial March 23, 2018
کراچی میں آخری بار 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم میدان میں اتری۔ فوٹو: فائل

لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل تھری کے دو ایلیمینٹرز میچ بارش کے باوجود شاندار انداز میں انعقاد پذیرہوگئے۔ دونوں میچ سنسنی خیز تھے جس کے باعث شائقین کرکٹ نے بھرپور لطف اٹھایا' خصوصاً کوئٹہ اور پشاور کے درمیان پہلا میچ بہت سنسنی خیز تھا' ایک طرح سے کوئٹہ جیتا ہوا میچ صرف ایک رنز سے ہار گیا۔

دوسرے میچ میں پشاور کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ جیت لیا' اس میچ کی خاص بات کامران اکمل کی دھواں دار بلے بازی تھی جس کی بدولت پشاور کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو گئی' بہرحال کراچی کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو دلچسپ بنا ڈالا۔ کراچی اور پشاور کے درمیان دوسرا میچ 20اوورز سے کم کر کے 16اوورز کا کر دیا گیا۔

لاہور میں کھیلے گئے دونوں میچوں سے پہلے بارش ہوئی خصوصاً دوسرے میچ سے پہلے رات کو اور پھر دن کو بارش بہت زیادہ تھی اور ایسا لگتا تھا شاید میچ نہ ہو سکے مگر منتظمین کی زبردست کوششوں سے میچ ممکن ہو گیا' پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے گراؤنڈ کو خشک کرنے میں مدد فراہم کی' میچوں کے دو دن لاہور میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے جس کے باعث شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا مگر کرکٹ کی بحالی کی خاطر لاہور کے شہریوں نے مشکل صورت حال کو بھی خوش دلی سے قبول کیا' اب 25مارچ کو کراچی میں پشاور اور اسلام آباد کے درمیان فائنل میچ ہو گا۔

کراچی میں بھی فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں بھی پرامن انداز میں میچ مکمل ہو گیا تو پھر عالمی سطح پر یہ امیج جائے گا کہ پاکستان میں کھیل اور کھلاڑی دونوں محفوظ ہیں۔ لاہور میں غیرملکی کرکٹ کمنٹیٹرز نے لیجنڈری کرکٹر ماجد خان کے ساتھ جس طرح سیکیورٹی کے بغیر اندرون شہر کا دورہ کیا، اس نے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں خاصا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کی تصویریں سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں اور انھیں پوری دنیا میں دیکھا گیا۔

لاہور میں گزشتہ برس پی ایس ایل کا فائنل ہوا تھا اور بیشتر غیرملکی پلیئرز نے آنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس بار کراچی کے فائنل سمیت تین میچوں کا انعقاد پاکستان میں ہونا تھا مگر زیادہ تر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کو ترجیح دی۔

کراچی میں آخری بار 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم میدان میں اتری۔ 25مارچ کو غیرملکی کھلاڑی جب نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے میدان میں اتریں گے تو شائقین کرکٹ کی خوشی دیدنی ہو گی۔ امید ہے کراچی میں کھیلا جانے والا فائنل بھی سنسنی خیز ہو گا۔ اس فائنل کے بعد ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنا ہے۔ توقع ہے کہ غیرملکی ٹیموں کے پاکستان آنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔